وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے شہر میں ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے اور تمام سڑکوں کی بیوٹیفیکیشن کا منصوبہ فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ خالی مقامات پر بڑے پیمانے پر پودے لگانے اور شہری سہولیات مزید بہتر بنانے کے احکامات بھی جاری کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے قدرتی ندی نالوں پر تجاوزات، ہائیکورٹ کا چیئرمین سی ڈی اے اور وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی کو نوٹس
جمعرات کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر کی مجموعی صورتحال، شہری سہولیات، صفائی اور خوبصورتی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسکولز، ہوٹلز اور دیگر عوامی مقامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
محسن نقوی نے اسلام آباد شہر میں ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے انٹری پوائنٹس 109 سے کم کر کے 25 کرنے کا فیصلہ
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تمام تجاوزات کو بلاامتیاز فوری طور پر ہٹایا جائے۔
محسن نقوی نے اسلام آباد کی تمام سڑکوں کی بیوٹیفیکیشن کا منصوبہ فوری شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، گرین بیلٹس، میڈینز اور دیگر خالی مقامات کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے خالی مقامات پر بڑے پیمانے پر پودے لگانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی گرینری کو مزید بہتر بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی سے مارگلہ کے دامن تک: پاکستان کے مستقل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا تاریخی سفر
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ہر لحاظ سے کیپٹل سٹی نظر آنا چاہیے، اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے اور شہر کی صفائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات اس کے شایانِ شان ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی بیوٹیفیکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ افسران بھی وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔














