آئی ایف سی اور عالمی بینک کا پاکستان میں ترقیاتی شعبوں کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) اور عالمی بینک نے پاکستان کے اہم ترقیاتی شعبوں میں تعاون جاری رکھنے اور قابلِ عمل منصوبوں کے لیے تکنیکی مشاورت اور مالی وسائل فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایف سی کے ریجنل ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز اور عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر نے گزشتہ چار برس کے دوران پاکستان میں آئی ایف سی کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہتے ہوئے عالمی بینک گروپ کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک 2026 تا 2035 کے تحت آئندہ 10 برس کے دوران پاکستان کے لیے ہر سال 2 ارب ڈالر تک وسائل متحرک کرنے کے عزم کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ہاؤسنگ فنانس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود، حکومت نجی شعبے کو سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، وزیراعظم

سائمن اینڈریوز نے پاکستان میں ایس ایم ایز کے شعبے میں آئی ایف سی کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ احد چیمہ نے کہا کہ ایس ایم ایز معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے حکومتی عزم کا بھی اعادہ کیا اور پی پی پی اتھارٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ان میں اتھارٹی کو نجکاری ڈویژن کے ماتحت کرنا اور اس کے کردار کو وسعت دینے کے لیے نئی قانون سازی کی تیاری شامل ہے۔ آئی ایف سی اور عالمی بینک کے نمائندوں نے پی پی پی نظام مضبوط بنانے کے اقدامات کو سراہا۔

ہاؤسنگ فنانس کے حوالے سے احد چیمہ نے کہا کہ حکومت لوگوں کو اپنے گھر تعمیر کرنے اور رہائشی سہولیات تک بہتر رسائی دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے آئی ایف سی کو ہاؤسنگ فنانس کا دائرہ وسیع کرنے میں معاونت کی دعوت بھی دی۔

آئی ایف سی اور عالمی بینک کے نمائندوں نے ایس ایم ایز، پی پی پی منصوبوں اور ہاؤسنگ فنانس سمیت حکومت کی ترجیحات کا خیرمقدم کرتے ہوئے معیاری اور قابلِ عمل منصوبوں کے لیے تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp