انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے روز بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری (0.01 فیصد) کا تسلسل برقرار رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایک پیسہ بھی بہت ہے‘: امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جاری
کاروباری دن کے اختتام پر مقامی کرنسی 277.12 روپے پر بند ہوئی جس سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 روپے (3 پیسے) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل پیر کے روز روپیہ 277.15 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور امریکی ٹریژری ییلڈز میں تیز رفتار اضافے کے باعث ڈالر 2 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب مستحکم رہا جبکہ ڈالر انڈیکس 101.2 کی سطح پر پہنچ گیا جو ستمبر میں 1.8 فیصد اضافے کی جانب گامزن ہے۔
عالمی کرنسیاں
یورپی سینٹرل بینک کی جانب سے افراط زر پر قابو پانے کے لیے محتاط اقدامات کے اشارے کے بعد یورو گر کر تین ماہ کی کم ترین سطح 1.1367 ڈالر پر آ گیا، جبکہ برطانوی پاؤنڈ 1.3248 ڈالر کی سطح پر مستحکم رہا۔
مزید پڑھیے: آہستہ مگر مستقل: روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری
امریکی ٹریژری بانڈز کی فروخت کے شدید دباؤ کے باعث 10 سالہ بانڈ ییلڈ سنہ 2007 کے بعد جبکہ 30 سالہ بانڈ ییلڈ سنہ 2004 کے بعد سے اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ 2 سالہ بانڈ ییلڈ بھی 5 فیصد کے قریب آ گئی ہے۔
رواں ہفتے جاری ہونے والے اہم امریکی معاشی اعداد و شمار پرائس انڈیکس اور نان فارم پے رولز) کے پیش نظر، سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق تاجروں کی جانب سے اکتوبر کے آخر میں فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کا امکان 70 فیصد سے زائد ظاہر کیا جا رہا ہے جو ایک ہفتہ قبل 57 فیصد تھا۔
خام تیل کی قیمتیں
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور سپلائی میں تعطل کے خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل دوسرے دن بھی بڑھیں۔ نومبر کے لیے برینٹ کروڈ کے کانٹریکٹ 1.71 ڈالر (1.6 فیصد) کے اضافے کے ساتھ 106.99 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈی 1.40 ڈالر (1.5 فیصد) بڑھ کر 94 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔














