اسلام آباد میں فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کے آؤٹ ہوتے ہی شائقین میدان میں داخل ہوگئے اور انہیں گھیر کر سیلفیاں بناتے رہے، جس کے بعد سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے۔
یہ واقعہ اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گراؤنڈ میں صدر ٹرافی گریڈ ون کے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیلفی لینے کی کوشش مداح کو مہنگی پڑگئی، بابر اعظم نے موبائل فون چھین کر پھینک دیا، ویڈیو وائرل
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد شائقین کی بڑی تعداد میدان میں داخل ہوگئی اور قومی ٹیم کے کپتان کو گھیر لیا۔ اس دوران کئی افراد نے ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔
بابر اعظم کو شائقین کے ہجوم سے نکل کر پویلین پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بابر اعظم نے 7 سال کے وقفے کے بعد رواں ماہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کی تھی۔ انہوں نے میچ میں 39 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔
اس سے قبل رواں ہفتے ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گزشتہ میچ میں بھی بابر اعظم خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) کے خلاف ناکام رہے تھے، جہاں انہوں نے پہلی اننگز میں 12 اور دوسری اننگز میں 4 رنز بنائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف تاریخی ‘وائٹ واش’، غلطیاں تسلیم کر کے بہترین ٹیم بنانا ہوگی، بابر اعظم
رواں فرسٹ کلاس سیزن میں بابر اعظم اب تک بیٹنگ میں مشکلات کا شکار ہیں۔
بابر اعظم کے مداحوں کی بڑی تعداد ہے اور ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی شائقین کی بڑی تعداد خاص طور پر انہیں دیکھنے کے لیے پہنچی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق ایبٹ آباد میں بابر اعظم ہجوم کے نعروں کے باوجود خاموش رہے اور انہوں نے شائقین کے نعروں کا جواب بھی نہیں دیا۔














