والی بال: پاکستان نے ایشین گیمز میں بھارت کو آؤٹ کلاس کردیا، سیمی فائنل میں رسائی

جمعرات 1 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشین گیمز مینز والی بال کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

اوکازاکی چوئو سوگو پارک جمنازیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے بھارت کو تینوں سیٹس میں بالترتیب 19-25، 23-25 اور 18-25 سے شکست دی۔

یہ بھی پڑھیں: عبدالصمد کی دھواں دار اننگز، پاکستان ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں پہنچ گیا

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے مسلسل دوسرے ایشین گیمز میں بھارت کو زیر کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کا ایونٹ میں سفر ختم کردیا۔

پاکستان کی جانب سے مراد خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں سب سے زیادہ 22 پوائنٹس حاصل کیے۔

عثمان فریاد علی نے 9، محمد حامد نے 8 جبکہ موساور خان نے 7 پوائنٹس اسکور کیے، کپتان مراد جہان نے بھی 4 پوائنٹس حاصل کیے۔

دنیا کی 39ویں نمبر کی پاکستانی ٹیم نے ایشین گیمز میں قازقستان کو 3-1 اور ازبکستان کو 3-0 سے شکست دی تھی، جبکہ پول اے کے آخری میچ میں میزبان جاپان کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان پول اے میں دوسرے نمبر پر رہا۔

مزید پڑھیں: ایشین گیمز: پاکستان نے جنوبی کوریا کو ہرا کر اسکواش سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

دوسری جانب بھارت نے ناک آؤٹ مرحلے تک کوئی میچ نہیں ہارا تھا۔ بھارتی ٹیم نے ویتنام اور ہانگ کانگ کو 3-0 سے شکست دی، جبکہ قطر کے خلاف پانچ سیٹ پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد پول سی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

پاکستان نے پہلے سیٹ ہی سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی اور 23 منٹ میں پہلا سیٹ 19-25 سے اپنے نام کیا۔

مزید پڑھیں: ایشین گیمز: ارشد ندیم ناکام، سری لنکن ایتھلیٹ رومیش تھرنگا پاتھیراگے نے گولڈ میڈل جیت لیا

دوسرے سیٹ میں بھارت نے بھرپور مزاحمت کی اور ایک موقع پر 16-13 کی برتری بھی حاصل کی، تاہم پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور 19-19 سے برابر کیا اور پھر 23-25 سے سیٹ جیت کر میچ میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

تیسرے سیٹ میں پاکستان نے ابتدا ہی سے برتری برقرار رکھی اور 10-17 کی مضبوط برتری حاصل کرلی۔ بھارت نے 2 میچ پوائنٹس بچائے، تاہم پاکستان نے تیسری کوشش میں 18-25 سے سیٹ جیت کر کوارٹر فائنل 0-3 سے اپنے نام کرلیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp