پاکستان نے 20ویں ایشین گیمز کے مردوں کے اسکواش ٹیم ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد اشعب عرفان اور نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلائی۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں میں پہلے ہی کانسی کا تمغہ جیتنے والے محمد اشعب عرفان نے پاکستان کو کامیاب آغاز فراہم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں بد انتظامیاں بدستور جاری، منتظمین کی پاکستان اور جنوبی کوریا کی والی بال ٹیموں سے معذرت
انہوں نے جنوبی کوریا کے جوئیونگ نا کو براہِ راست 3 گیمز میں 5-11، 8-11 اور 8-11 سے شکست دی۔
عرفان نے پہلے گیم میں ابتدا ہی سے برتری قائم رکھی اور 5-11 سے کامیابی حاصل کی، دوسرے اور تیسرے گیم میں جنوبی کوریائی کھلاڑی نے مزاحمت کی۔
تاہم عرفان نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے دونوں گیمز بھی 8-11 کے یکساں اسکور سے جیت لیے۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان کو کوارٹر فائنل میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔
Team Pakistan defeated the Republic of Korea 2–0 in the Men’s Team Quarterfinal of Squash at the 20th Asian Games, Aichi-Nagoya 2026.
With this victory, Pakistan have secured their place in the Men’s Team Semifinal. #AsianGames pic.twitter.com/VHMziWss5J— Sohail Imran (@sohailimrangeo) September 30, 2026
پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے صرف ایک اور کامیابی درکار تھی اور نور زمان نے فیصلہ کن مقابلے میں ٹیم کی توقعات پوری کردیں۔
پاکستان کے اعلیٰ درجہ رکھنے والے کھلاڑی نے جنوبی کوریا کے سیوجن اوہ کو 4-11، 5-11, 8-11 اور 2-11 سے شکست دے کر پاکستان کی کامیابی یقینی بنادی۔
نور زمان نے پہلے 2 گیمز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ تاہم جنوبی کوریا کے اوہ نے تیسرے گیم میں عمدہ واپسی کی اور 8-11 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلے میں اپنی ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں۔
مزید پڑھیں: عمان کو 2-7 سے آؤٹ کلاس کر کے پاکستان ٹیم ایشین گیمز مینز ہاکی کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی
نور زمان نے چوتھے گیم میں دوبارہ کھیل پر مکمل گرفت حاصل کرلی۔ انہوں نے 2-11 سے گیم جیت کر میچ اپنے نام کیا اور پاکستان کو کوارٹر فائنل میں 0-2 سے کامیابی دلا دی۔
پاکستان کی ٹیم میں ناصر اقبال بھی شامل تھے، تاہم پہلے دونوں میچوں میں پاکستان کی کامیابی کے بعد فیصلہ کن تیسرا مقابلہ کھیلنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز کے مردوں کے اسکواش ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔














