صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: عدم اعتماد کی صورت میں پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کا سہیل آفریدی کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مشترکہ کمیٹی میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات، ملک کی مجموعی سیاسی، اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ،… pic.twitter.com/9dRyQ9hVoE
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 1, 2026
ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر اور وزیراعظم نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
مزید پڑھیے: پی ٹی آئی مذاکرات سے قبل اپنے کیے پر دنیا کے سامنے معافی مانگے، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔














