کراچی کے نوجوان سفیان کو کاروبار شروع کرنے کے پہلے ہی روز بڑا دھچکا لگ گیا، ان کی وہ گاڑی چوری ہوگئی جس پر وہ کھانے کا کاروبار شروع کرنے جا رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سفیان نے پرانے ماڈل کی ایک چھوٹی گاڑی پر کھانے کا اسٹارٹ اپ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کاروبار کے پہلے دن کی تیاری کے لیے ان کی والدہ نے رات بھر محنت کرکے کھانا بنایا تاکہ اگلے روز گاڑی میں رکھ کر فروخت کے لیے لے جائے جاسکیں۔
کراچی: اس لڑکے نے کاروبار شروع کیا تھا اور پہلا دن تھا گاڑی میں پکے ہوئے پائے لے کر جانا تھا لیکن باہر نکلا تو گاڑی چوری ہو چکی تھی pic.twitter.com/2wzDzjty1j
— Shahid Hussain (@ShahidHussainJM) October 4, 2026
تاہم صبح جب سفیان گھر سے گاڑی میں کھانا لے کر کاروبار کے لیے روانہ ہونے لگے تو انہیں معلوم ہوا کہ گاڑی گھر کے باہر سے چوری ہوچکی ہے۔
واقعے کے بعد سفیان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس میں وہ شدید پریشان اور روتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ سفیان نے بتایا کہ کاروبار شروع کرنے کا پہلا دن تھا اور وہ گاڑی میں کھانا رکھ کر جانے والے تھے تاہم گھر سے باہر نکلے تو گاڑی وہاں موجود نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: کلفٹن تین تلوار کے قریب سپر مارٹ میں 50 لاکھ روپے سے زائد کی چوری
نوجوان نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کی گاڑی جلد از جلد برآمد کروائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد فالج کے مریض ہیں اور گھر والے پہلے ہی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
ویڈیو میں سفیان کی والدہ کو بھی بیٹے کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر غمزدہ اور پریشان دیکھا جا سکتا ہے۔













