پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی20 اور ون ڈے اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا ہے، مختصر ترین فارمیٹ میں صاحبزادہ فرحان کو قیادت سونپی گئی ہے جبکہ ایک روزہ ٹیم کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی ہی کریں گے۔
سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز
سری لنکا کے خلاف 3 ٹی20 میچز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ صاحبزادہ فرحان کو سلمان علی آغا کی جگہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20 سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا ٹی20 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹی20 اسکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان کے علاوہ عبدالصمد، ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز، محمد عمران رندھاوا، خواجہ نافع، معاذ صداقت، نسیم شاہ، صائم ایوب، رضا اللہ، محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
خواجہ نافع کو وکٹ کیپر کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ نوجوان رضا اللہ بھی قومی ٹی20 اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
ون ڈے ٹیم کی قیادت شاہین آفریدی کے پاس برقرار
سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کے ابتدائی 3 میچز راولپنڈی میں ہوں گے جبکہ دیگر لیگ میچز اور فائنل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
16 رکنی ون ڈے اسکواڈ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری، حارث رؤف، حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللہ، سعد بیگ، صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ میں بھی تقرریاں
پاکستان ٹیم کی مینجمنٹ میں مائیک ہیسن ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ بولنگ کوچ اور مائیکل اسمتھ بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ منصور امجد کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
نوید اکرم چیمہ پاکستان ٹیم کے منیجر ہوں گے۔ راولپنڈی میں شفقت شبیر جبکہ لاہور میں سید نذیر احمد میڈیا منیجر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
کرنل عثمان انواری کو سیکیورٹی منیجر جبکہ ڈاکٹر واجد علی رفاعی کو ٹیم ڈاکٹر مقرر کیا گیا ہے۔













