طالبہ خودکشی کیس، جعل سازی سے منسلک شریک ملزم کی عبوری ضمانت منظور

جمعرات 15 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی عدالت نے لاکھوں روپے کے مبینہ فراڈ کے بعد خودکشی کرنے والی 20 سالہ طالبہ کے کیس میں جعل سازی سے منسلک شریک ملزم کی 20 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطبق اسلام آباد کی سیشن عدالت میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل ماجوکا نے جمعرات کو شریک ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلیے۔

یہ بھی پڑھیں: میڈیکل طالبہ کی مبینہ خودکشی کیس میں اہم پیشرفت، مرکزی ملزم 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ملزمان کی جانب سے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ لائبہ اعجاز کو امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے لیے بھیجنے کے نام پر 50 لاکھ روپے کا فراڈ کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ ایک ایجنٹ نے انہیں سفری دستاویزات فراہم کیں جو بعد میں جعلی ثابت ہوئیں۔

کیس کا مرکزی ملزم گرفتار ہے اور پولیس کی تحویل میں ریمانڈ پر ہے۔ جمعرات کو جعل سازی سے منسلک شریک ملزم اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا مؤکل بے قصور ہے اور اسے جان بوجھ کر مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے۔

لائبہ اعجاز کی موت کے بعد تھانہ رمنا میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 322، جو غیر ارادی قتل سے متعلق ہے، اور دفعہ 34، جو مشترکہ نیت سے کیے گئے عمل سے متعلق ہے، کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ کی موت پر وزیراعظم، وزیر داخلہ کے حکم پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بھی لائبہ کے ماموں کی شکایت پر دھوکا دہی، جرم میں اعانت اور امیگریشن سے متعلق فراڈ کی دفعات کے تحت الگ مقدمہ درج کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق مرکزی ملزم نے مبینہ طور پر ایک خاتون ساتھی کی مدد سے اپنی شناخت اور پیشہ ورانہ حیثیت کے بارے میں غلط بیانی کرتے ہوئے لائبہ کے خاندان سے لاکھوں روپے حاصل کیے۔ رقم لائبہ کے بھائی کے لیے ملازمت کا بندوبست کرنے اور انہیں امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلہ دلوانے کے نام پر لی گئی تھی۔

مرکزی ملزم پر لائبہ کو جعلی سفری دستاویزات فراہم کرنے کا بھی الزام ہے۔ عدالت نے شریک ملزم کی عبوری ضمانت کے معاملے پر مزید کارروائی کے لیے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp