بھارتی ویمن کرکٹر شفالی ورما کو زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق یہ واقعہ اتوار 18 اکتوبر کو رائے پور میں زمبابوے کی اننگز کے 12ویں اوور میں پیش آیا، جب شفالی ورما نے سری چرانی کی گیند پر مڈ آف پر چپو موگیری تیریپانو کا کیچ چھوڑ دیا۔ کیچ چھوڑنے پر مایوسی کے باعث شفالی ورما نے گیند زمین پر دے ماری، جسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی بیٹر شفالی ورما کو ’پویلین لوٹ جائیے‘ کا اشارہ فاطمہ ثنا کو مہنگا پڑگیا، میچ فیس کا 10 فیصد گیا
شفالی ورما کو کھلاڑیوں اور معاون عملے کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جو بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ کے سامان، لباس، گراؤنڈ کے آلات اور دیگر متعلقہ اشیا کے غلط استعمال سے متعلق ہے۔
یہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران شفالی ورما کی پہلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے آئی سی سی میچ ریفری پینل کی رکن جی ایس لکشمی کی تجویز کردہ سزا قبول کرلی، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
دوسری جانب شفالی ورما نے اسی میچ میں بیٹنگ کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر 55 رنز بنائے، جس کی بدولت بھارت نے زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میچ میں شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: فتح بے وقار، ہٹ دھرمی برقرار: بھارتی ویمنز ٹیم کا محسن نقوی سے ایشیا کپ ٹی 20 ٹرافی لینے سے انکار
زمبابوے کی ٹیم بھارتی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنا سکی۔ بھارت نے ہدف نویں اوور میں حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔









