خیبرپختونخوا کی سابق حکومت دہشتگردوں کی سہولت کار تھی، ناقابل تردید شواہد سامنے لائیں گے، عطااللہ تارڑ

منگل 20 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سابق صوبائی حکومت دہشتگردوں کی سہولت کاری میں ملوث تھی، جس کے ناقابل تردید شواہد سامنے لائے جائیں گے۔ صوبے میں ایک انتہائی قابل نیا انتظامی سیٹ اپ آچکا ہے اور ان کے خیال میں مذاکرات کے ایجنڈے میں سابق صوبائی حکومت کی بحالی شامل نہیں ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں نئی انتظامیہ کے قیام کے بعد صوبائی ایڈوائزری کونسل کو اختیار حاصل ہے کہ وہ مختلف معاملات کو کس طرح آگے بڑھاتی ہے۔

مزید پڑھیں: مذاکرات کے دروازے بند، پی ٹی آئی مکمل سیاسی تنہائی کا شکار ہو گئی؟

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان اسکینڈل کی تحقیقات انتہائی مہارت سے کیں، جس کے نتیجے میں اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی ایڈوائزری کونسل کے پاس اختیار موجود ہے کہ وہ ان مقدمات اور معاملات کو کس طرح آگے لے کر چلتی ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ مراد سعید کی انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کی ٹیم میں سہیل آفریدی، مینا خان، شفیع جان اور شاہد خٹک شامل تھے۔

انہوں نے کہاکہ مراد سعید کی ٹیم کا غیر ذمہ دارانہ رویہ کھل کر سامنے آچکا ہے اور یہ لوگ بری طرح بے نقاب ہوگئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت دعوے کرتی رہی کہ لاکھوں افراد سڑکوں پر نکلیں گے، لیکن خیبر میں چند لوگوں کے سوا کوئی باہر نہیں نکلا۔

انہوں نے دعویٰ کیاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے سابق صوبائی حکومت سے نجات ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ تحریک انصاف نے پہلے 27 ستمبر اور پھر 4 اکتوبر کی تاریخ دی، لیکن حقیقت یہ تھی کہ ان کے پاس لانگ مارچ کے لیے مطلوبہ تعداد میں لوگ ہی موجود نہیں تھے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے پاس نہ سڑکوں پر عوام کو متحرک کرنے کی طاقت تھی اور نہ ہی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کوئی واضح لائحہ عمل موجود تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں سے مذاکرات کیے گئے تھے اور وہ بات چیت کے دوران معاملات پر رضامند بھی ہوگئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ اگر مذاکرات کامیاب ہوجاتے تو وہ سب سے پہلے کھڑے ہوکر اس کامیابی پر مبارکباد دیتے۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ انہیں نہیں لگتا کہ موجودہ بات چیت میں خیبرپختونخوا کی سابق صوبائی حکومت کی بحالی کا معاملہ شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات صوبائی حکومت کی واپسی کے لیے نہیں ہورہے، کیونکہ اب یہ مرحلہ گزر چکا ہے اور ٹرین اسٹیشن چھوڑ چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنما زیادہ تر عمران خان کو حاصل مراعات کے معاملے پر بات کرتے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے بعض رہنما حکومتی شخصیات سے غیر رسمی رابطے اور بات چیت بھی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف متعدد مرتبہ تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کرچکے ہیں۔

عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما مذاکرات سے بہت خوش تھے، تاہم سہیل آفریدی کی وجہ سے انہیں سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں اب پروپیگنڈے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں گے، ثمر ہارون بلور

وفاقی وزیر اطلاعات نے عمران خان کو جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق کہاکہ انہیں اپنی مرضی کا کھانا دیا جاتا ہے اور ورزش کے لیے مشینیں بھی ان کے پاس موجود ہیں۔

عطااللہ تارڑ نے ایک بار پھر کہاکہ خیبرپختونخوا میں ایک انتہائی قابل نیا انتظامی سیٹ اپ آچکا ہے اور صوبائی ایڈوائزری کونسل کو اختیار حاصل ہے کہ وہ متعلقہ معاملات اور مقدمات کو کس انداز میں آگے بڑھاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

شادی کا جھانسہ، نازیبا ویڈیوز سے بلیک میلنگ، کراچی میں ملزم گرفتار

سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ: فیڈرل سروس ٹریبیونل کا حکم کالعدم، ریکروٹمنٹ رولز 2014 بحال

یوگنڈا سے واپس آنے والی سفارتکار کی اہلیہ میں ایبولا وائرس کی تصدیق، نائیجیریا میں 44 افراد زیرِ نگرانی

13سالہ لڑکی کے قتل کی کہانی پر مبنی اطالوی فلم نیٹ فلکس کی غیر انگریزی فلموں میں سرفہرست

سپریم کورٹ نے ریلوے افسران کی سنیارٹی سے متعلق ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا

ویڈیو

’روشنی ایک رات کی‘: تورڈھیر میں سوا کروڑ روپے کی لائٹس 5 برسوں سے بند، حکومتی کارکردگی کھل کر سامنے آگئی

تحریک انصاف مذاکرات کے لیے تیار نہیں تو زبردستی بات نہیں ہوسکتی، وفاقی وزیر مصدق ملک

خیبرپختونخوا میں اربوں روپے کے منصوبوں میں کمیشن اور کرپشن کے الزامات، ہادی پتنگ کے کردار پر سوالات اٹھ گئے

کالم / تجزیہ

باغ جل رہا ہے

سعودی عرب اور بنگلہ دیش: خبر، حقیقت اور فتنہ

حوثیوں کا اصل ہدف کیا ہے؟