اطالوی فلم یارا (Yara) نے نیٹ فلکس کی غیر انگریزی فلموں کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ حقیقی قتل کے ایک ہولناک واقعے پر مبنی اس فلم کو دنیا بھر میں 1 کروڑ 79 لاکھ 50 ہزار گھنٹے دیکھا گیا۔
مزید پڑھیں:نیٹ فلکس پاکستانی ڈراموں کے لیے کتنا ضروری ہے؟ جانیے عروہ حسین کی رائے
فوربز کے مطابق فلم کی کہانی 13 سالہ یارا گمبیراسیو کے قتل اور اس کے قاتل تک پہنچنے کے لیے کی جانے والی غیر معمولی تفتیش کے گرد گھومتی ہے۔ یارا نومبر 2010 میں اٹلی کے شہر بریمیباتے دی سوپرا میں جم سے گھر جاتے ہوئے لاپتا ہوگئی تھی۔ قریباً 3 ماہ بعد فروری 2011 میں اس کی لاش ملی۔
فلم میں پراسیکیوٹر لیتیزیا روگیری کی تفتیش کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے، جنہوں نے قاتل کا سراغ لگانے کے لیے ڈی این اے شواہد پر انحصار کیا۔ تفتیش کاروں نے خون کے نمونے سے حاصل ہونے والے جینیاتی شواہد کی مدد سے مشتبہ شخص کی شناخت کی کوشش کی۔ اس مقصد کے لیے بڑے پیمانے پر ڈی این اے نمونے جمع کیے گئے، جو اٹلی میں اپنی نوعیت کی غیر معمولی تحقیقات میں شمار ہوئے۔
مارکو ٹولیئو جورڈانا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ایزابیلہ راگونے، ایلیسیو بونی اور تھامس ٹراباکی نے اہم کردار ادا کیے۔ فلم 5 نومبر 2021 کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی تھی۔ فوربز کی رپورٹ کے مطابق اس نے اپنی ریلیز کے ابتدائی دنوں میں غیر انگریزی فلموں میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم کا اعزاز حاصل کیا۔
مزید پڑھیں:’فلوئیرنس پیو سے بن ایفلک تک، اکتوبر میں نیٹ فلکس پر کون سی بڑی فلمیں اور سیریز آ رہی ہیں؟
حقیقی مقدمے میں ڈی این اے شواہد کی بنیاد پر شناخت کیے گئے ماسیمو بوسیٹی نے جرم کا اعتراف نہیں کیا اور اپنی بے گناہی پر اصرار کرتا رہا۔ فلم اس پیچیدہ تفتیش اور انصاف تک پہنچنے کی کوششوں کو ڈرامائی انداز میں پیش کرتی ہے۔









