الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آج جاری کرنے کا حکم

بدھ 21 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا معاملہ نمٹاتے ہوئے بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے آج ہی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کی، جس میں سیکریٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن کے حکام پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار، کے پی اور اسلام آباد میں قانونی و انتظامی رکاوٹیں درپیش

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 6 مرتبہ حلقہ بندیاں کی جا چکی ہیں، جبکہ 4 مرتبہ انتخابی شیڈول بھی جاری کیا گیا۔

آخری انتخابی پروگرام 9 اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت فروری 2026 میں پولنگ ہونا تھی۔

اسپیشل سیکریٹری کے مطابق وفاقی حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق آرڈیننس جاری کیا، جس کے بعد حلقہ بندیوں کا عمل جاری تھا، تاہم 6 ستمبر کو آرڈیننس کی مدت ختم ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا اور نقشے حاصل کرلیے گئے ہیں اور 14 اکتوبر کو حتمی حلقہ بندیاں بھی شائع ہوچکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ کو 2 مرتبہ یاددہانی کے مراسلے بھیجے گئے اور آرڈیننس کی مدت ختم ہونے سے بھی آگاہ کیا گیا، لیکن اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کے قواعد تاحال فراہم نہیں کیے گئے۔

وزارت قانون نے قواعد کی جانچ پڑتال کرنے سے بھی انکار کردیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے ابھی تک نیا بلدیاتی قانون نہیں بنایا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ پھر الجھ گیا، الیکشن کمیشن اور حکومت کے مؤقف میں کیا فرق ہے؟

ظفر اقبال ملک نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ اسلام آباد میں موجود 2015 کے بلدیاتی قانون کے تحت انتخابات کرانے کی اجازت دی جائے۔

اس موقع پر سیکریٹری داخلہ نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ اسپیشل سیکریٹری کی جانب سے پیش کیے گئے حقائق درست ہیں، تاہم اگر انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرائے گئے تو اب تک کی کارروائی ختم کرنا پڑے گی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے کہ اگر 2015 کے قانون کے تحت انتخابات کرائے جائیں تو حلقہ بندیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کا پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور چیف کمشنر سمیت وزرا کی کمیٹی نے یقین دہانی کرائی تھی، لیکن اس کے باوجود معاملہ حل نہیں ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی جبکہ آئین میں واضح ہے کہ بلدیاتی انتخابات متعلقہ قانون کے مطابق ہونے چاہییں۔

’۔۔۔تاہم حکومت کی جانب سے قانون سازی اور قواعد کی فراہمی میں تاخیر کے باعث الیکشن کمیشن اب مجبور ہوکر حکم جاری کر رہا ہے۔‘

بعدازاں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے مختصر حکمنامہ پڑھ کر سنایا، جس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے اور آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp