نائیجیریا میں مشرقی افریقہ میں پھیلنے والی ایبولا وبا کے آغاز کے بعد وائرس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آگیا۔ متاثرہ خاتون سفارتکار کی اہلیہ ہیں، جو یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں اڑھائی ہفتے قیام کے بعد نائیجیریا واپس آئی تھیں۔ حکام نے ان سے رابطے میں رہنے والے 44 افراد کی نشاندہی کرکے انہیں قرنطینہ میں رکھا ہے۔
مزید پڑھیں:کینیا میں ایبولا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 8 ہو گئی
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 42 سالہ خاتون 3 اکتوبر کو نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا پہنچی تھیں، جہاں 3 روز بعد ان میں بیماری کی علامات ظاہر ہوئیں۔ واپسی پر انہوں نے ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں بھی 2 گھنٹے قیام کیا تھا۔ نائیجیریا کے وزیرِ صحت محمد علی پیٹے نے بتایا کہ خاتون کی حالت مستحکم ہے اور ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔
افریقی مرکز برائے انسدادِ امراض و کنٹرول کے سربراہ ڈاکٹر ژاں کاسیا کے مطابق خاتون نے ابتدا میں ملیریا کا شبہ ہونے پر 2 نجی اسپتالوں سے رجوع کیا۔ طبیعت بہتر نہ ہونے پر 19 اکتوبر کو صحتِ عامہ کے حکام کو مطلع کیا گیا، جبکہ اگلے روز 3 لیبارٹری ٹیسٹوں کے بعد ایبولا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ حکام کے مطابق متاثرہ خاتون ابوجا پہنچنے کے بعد شہر سے باہر نہیں گئی تھیں اور ان کے رابطوں میں شامل کسی فرد میں تاحال علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
Nigeria has confirmed its first Ebola case after a woman who travelled from Uganda tested positive.
Health Minister Muhammad Ali Pate says the patient is stable and in isolation, as authorities work to trace 44 people identified as contacts. https://t.co/ZgwyC3UdOy
— Al Jazeera English (@AJEnglish) October 20, 2026
حکام متاثرہ خاتون کے سفر اور وائرس سے متاثر ہونے کے ممکنہ مقام کا تعین کرنے کے لیے یوگنڈا، ایتھوپیا اور افریقی مرکز برائے انسدادِ امراض کے ساتھ مل کر تحقیقات کررہے ہیں۔
یوگنڈا کی وزارتِ صحت نے پہلے جاری کیے گئے بیان میں خاتون کو نائیجیریا کی شہری قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کاروباری سلسلے میں مشرقی جمہوریہ کانگو گئی تھیں اور یوگنڈا سے صرف گزری تھیں۔ اس نے ملک میں ایبولا کے کسی فعال تصدیق شدہ کیس کی موجودگی سے انکار کیا ہے۔
مزید پڑھیں:کانگو میں ایبولا وائرس کا پھیلاؤ تیز، ہلاکتیں 4 ہزار 381 ہو گئیں
ایبولا ایک خطرناک وائرل بیماری ہے جو متاثرہ شخص کے خون، قے اور جسمانی رطوبتوں سے براہِ راست رابطے کے ذریعے پھیل سکتی ہے۔ اس کی علامات ظاہر ہونے میں 2 سے 21 دن لگ سکتے ہیں۔
مئی میں جمہوریہ کانگو سے شروع ہونے والی وبا میں کم از کم 4 ہزار 600 افراد ہلاک اور 9 ہزار 500 سے زیادہ متاثر ہوچکے ہیں۔ نائیجیریا کے وزیرِ صحت نے بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نگرانی اور وبائی امراض سے نمٹنے کے نظام کو فعال کرنے کا اعلان کیا ہے۔










