چلی میں دورانِ پرواز مسافر طیارے پر آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے باعث طیارے کا کیبن اچانک تیز روشنی سے جگمگا اٹھا اور مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی ویڈیو طیارے میں سوار ایک مسافر نے ریکارڈ کر لی جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیٹم ایئرلائنز کی پرواز انٹوفاگاسٹا سے سینتیاگو جا رہی تھی کہ منزل پر پہنچنے سے چند منٹ قبل طیارے پر آسمانی بجلی گری۔
⚡✈️ UN RAYO IMPACTÓ A UN AVIÓN DE LATAM EN PLENO VUELO: NO HUBO HERIDOS
Un impactante video registró el momento en que un rayo alcanzó a un avión de LATAM Airlines que viajaba desde Antofagasta hacia Santiago de Chile este martes, en medio de una fuerte tormenta eléctrica.
La… pic.twitter.com/nvLL1P8xc5— Hechos y Derecho (@Hechosanderecho) October 21, 2026
اس دوران ایک تیز چمک کے ساتھ زور دار آواز سنائی دی، جس سے مسافر گھبرا گئے۔ ویڈیو میں بعض مسافروں کی چیخیں بھی سنائی دیتی ہیں۔ تاہم، واقعے کے باوجود طیارے کی پرواز معمول کے مطابق جاری رہی اور اس نے سینتیاگو کے آرتورو میرینو بینیٹیز ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
حکام یا مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، واقعے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب چلی کے میٹروپولیٹن ریجن میں شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم جاری تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لاگارڈیا میں خوفناک طیارہ حادثہ، فضائی میزبان معجزانہ طور پر کیسے زندہ بچ گئیں؟
واقعے کے بعد لیٹم ایئرلائنز گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ آسمانی بجلی گرنا ایک ایسا موسمی مظہر ہے جسے طیاروں کی تیاری اور حفاظتی سرٹیفکیشن کے دوران مدنظر رکھا جاتا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق طیاروں کو اس نوعیت کے واقعات برداشت کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جاتا ہے اور ان میں ایسے حفاظتی نظام نصب ہوتے ہیں جو بجلی کے اخراج کو محفوظ طریقے سے منتشر کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
کمپنی نے تصدیق کی کہ طیارے نے معمول کے مطابق لینڈنگ کی اور تمام مسافر بحفاظت طیارے سے اتر گئے۔ لیٹم ایئرلائنز نے مزید کہا کہ اس کے تمام آپریشنز میں مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔










