وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کے وفد سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اقتصادی استحکام، ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری پر مبنی پائیدار ترقی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران عالمی بینک کے اعلیٰ عہدیدار سندیپ مہاجن نے پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی پر وفاقی وزیر خزانہ کو مبارک باد دی، جبکہ وفد نے علاقائی بحران سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرکے عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح حاصل کردہ معاشی استحکام کو سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور ملکی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے قابل پیش گوئی پالیسی ماحول کی فراہمی اور معاشی اصلاحات پر مستقل عملدرآمد انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
ملاقات میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق دونوں جانب سے نجکاری کے عمل، ضابطہ جاتی اصلاحات اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور عالمی بینک نے معاشی استحکام برقرار رکھنے، ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











