پاکستان اور چین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے میڈیا روابط، اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور عوامی سفارت کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے اور دونوں ممالک کی وزارتوں خارجہ کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ترجمانوں کے مکالمے کا تیسرا دور آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر سجاد حیدر خان اور چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے شرکت کی، اس مکالمے کا دوسرا دور اکتوبر 2022 میں ورچوئل طور پر منعقد ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک چین تعلقات کے 75 سال، صدر زرداری کا صدر شی جن پنگ کو خط، دوستی میں مزید پیشرفت کا اعادہ
مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کی وزارتوں خارجہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی، بالخصوص میڈیا کے ساتھ روابط، اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور عوامی سفارت کاری کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے باہمی افہام و تفہیم کے فروغ اور پاکستان و چین کی دیرینہ دوستی کو مزید گہرا کرنے کے لیے قریبی رابطہ کاری، باقاعدہ مشاورت اور تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔
🔊 PR No. 3️⃣1️⃣0️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Third Round of Pakistan-China Spokespersons’ Dialogue Held in Islamabad
🔗⬇️ pic.twitter.com/gkpgMtjhh3
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 26, 2026
دورے کے دوران چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان میں چین کے سفیر بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری باہمی اعتماد، احترام اور ایک دوسرے کی غیرمتزلزل حمایت پر استوار ہے۔
نائب وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے میڈیا تعاون، اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور عوامی سفارت کاری کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
مزید پڑھیں: عظیم دیوارِ چین کے سائے میں پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کا جشن
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں جانب سے وزارتوں خارجہ کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور ترجمانوں کے مکالمے کے تحت قریبی رابطہ کاری اور باقاعدہ روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاکستان اور چین کے درمیان ترجمانوں کا یہ مکالمہ دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے، باہمی افہام و تفہیم اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک اہم ادارہ جاتی پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے۔









