اسلام آباد میں 17 سال سے زیر التوا ماڈل جیل کا منصوبہ مکمل، محسن نقوی اور طلال چوہدری کا دورہ

منگل 27 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 سال سے زیر التوا ماڈل جیل کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے، جس کا وزیراعظم پاکستان جلد افتتاح کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کیا اور مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے قیدیوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے جیل کے ہسپتال، کچن، میس، بیرکس اور ویٹنگ ایریا کا معائنہ کیا۔ انہوں نے قیدیوں کے لیے تیار کیا گیا کھانا خود کھا کر اس کے معیار کو بھی جانچا۔

اس موقع پر محسن نقوی کو اسلام آباد ماڈل جیل کے منصوبے، تعمیراتی کام اور فراہم کردہ سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر 2024 میں جیل کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا اور اس بڑے منصوبے کو قلیل مدت میں مکمل کرلیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا افتتاح جلد وزیراعظم پاکستان کریں گے۔

انہوں نے 17 سال سے زیر التوا منصوبے کی تکمیل پر وزیر مملکت طلال چوہدری، وزارت داخلہ، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور اسلام آباد پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔

دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp