پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی شدید اشتعال انگیزی اور شہری آبادی پر شدید گولہ باری سے ایک شہری شہید، 5 شدید زخمی ہو گئے ہیں، پاک فوج نے اشتعال انگیزی کا انتہائی مستعدی سے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی متعدد چیک پوسٹیں تباہ کر دیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان رجیم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری آبادی کو براہِ راست مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’دہشتگردی کیخلاف دفاع کا حق رکھتے ہیں‘، پاکستان نے افغان طالبان حکومت کے الزامات مسترد کر دیے
افغان طالبان رجیم کے اس بزدلانہ اور بلااشتعال حملے کے دوران ایک شیل (گولا) عام شہریوں کے گھر پر جا گرا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ 1 شہری جامِ شہادت نوش کر گیا۔
معصوم شہریوں پر اس ناگہانی اور بلاجواز حملے کے بعد مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ اور تشویش کی لہر ڈور گئی۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا ردعمل
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیغام میں پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی اس اشتعال انگیزی اور اس کے جواب میں پاک فوج کے کرشنگ یعنی منہ توڑ جواب کی تصدیق کی ہے۔
‼️ *ٹاپ بریکنگ*
*پاک افغان سرحد پر افغان طالبان ریجیم کی اشتعال انگیزی اور پاک فوج کا منہ توڑ جواب*
جنوبی وزیرستان کے علاقے *انگور اڈہ* میں افغان طالبان ریجیم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ، *سیکیورٹی ذرائع*
افغان طالبان ریجیم کے بزدلانہ حملے میں شہری آبادی میں ایک گھر پر گولا گرنے سے ایک ہی خاندان کے *5 افراد زخمی اور ایک شہری نے جامِ شہادت نوش* کیا ، *سیکیورٹی ذرائع*
سول آبادی کو نشانہ بنانے پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ، *سیکیورٹی ذرائع*
پاک فوج نے افغان جارحیت کا فوری اور انتہائی مستعدی کے ساتھ شدید جواب دیا ، *سیکیورٹی ذرائع*
پاکستانی افواج کی زبردست جوابی کارروائی میں افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا گیا ، *سیکیورٹی ذرائع*
پاک افغان سرحد پر پاک فوج کے جوان دشمن کی کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے مکمل فعال ہیں ، *سیکیورٹی ذرائع*
معصوم شہریوں پر حملے کے بعد پاک فوج کا دشمن کے خلاف بھرپور ردِعمل جاری ہے ، *سیکیورٹی ذرائع*
— Samar Haroon Bilour (@SamarHBilour) October 27, 2026
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے افغان فورسز کی اس کھلی جارحیت کا فوری، انتہائی مستعدی اور بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دیا۔
پاکستانی افواج کی جانب سے کی جانے والی شدید اور مؤثر جوابی کارروائی میں افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
سرحد پر سکیورٹی کی صورت حال اور مسلسل پیش قدمی
معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملے کے بعد پاک فوج کا دشمن کے خلاف بھرپور آپریشنل ردِعمل مسلسل جاری ہے۔
پاک افغان سرحد پر تمام چیک پوسٹوں اور اہم دفاعی مقامات پر پاک فوج کے جوان مکمل طور پر فعال، چوکس اور الرٹ ہیں تاکہ دشمن کی کسی بھی قسم کی مزید جارحیت اور ناپاک حرکت کو فوری طور پر ناکام بنایا جا سکے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ مہینوں کے دوران سرحدی کشیدگی اور افغان جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے بارہا افغان عبوری حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے اور سرحدی قوانین کی پاسداری کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
تاہم افغان فورسز کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے بعد پاک فوج نے واضح پیغام دیا ہے کہ ملک کی دفاعی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔











