’سڑک بن گئی، کھمبے ہٹانا بھول گئے‘، حیدرآباد میں انوکھی تعمیر پر سوالات اٹھ گئے

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حیدرآباد شہر میں علمدار چوک سے اولڈ نیشنل ہائی وے تک زیرِ تعمیر سڑک کے درمیان بجلی کے کھمبوں کی موجودگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور انجینئرنگ کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے۔

وائرل ویڈیو میں سڑک کے درمیان بجلی کے کھمبے دکھائی دے رہے ہیں جس پر شہریوں نے حیرت اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک تعمیر تو کر دی گئی لیکن کیا بجلی کے کھمبے ہٹانا بھول گئے؟

کمال خان نے طنزاً لکھا کہ روڈ کیسے بنائے جاتے ہیں یہ کوئی سندھ گورنمنٹ سے سیکھے۔

کئی صارفین نے کہا کہ کھبے ہٹا کر بناتے سڑک اب جگہ جگہ کھڈے ہوں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے دوران بجلی کے کھمبوں کی منتقلی اور دیگر بنیادی امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو مشکلات اور ممکنہ حادثات سے بچایا جاسکے۔

دوسری جانب ترجمان میئر حیدرآباد نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ علمدار چوک تا اولڈ نیشنل ہائی وے سڑک کا منصوبہ تاحال زیرِ تعمیر ہے۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 162 بجلی کے کھمبے منتقل کیے جانے ہیں جبکہ 27 میں سے 10 بجلی کے فیڈرز کی منتقلی کا کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

ترجمان کے مطابق سڑک کی تعمیر مکمل ہونے اور باقاعدہ افتتاح تک شہری اس سڑک کو آمدورفت کے لیے استعمال نہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp