امریکا کے نوجوان جمناسٹ میڈن شیلی نے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کے جوڑوں یعنی مٹھیوں کے بل الٹے کھڑے رہنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔ انہوں نے اس مشکل جسمانی مشق میں ایک منٹ 23 سیکنڈ تک توازن برقرار رکھا۔
مزید پڑھیں:دنیا کی سب سے ’ سلم ‘ کار تیار، نہ گرنے کا ڈر نہ پارکنگ کی پریشانی، گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے تیار
خبر رساں ادارے یو پی آئی کے مطابق میڈن شیلی نے یہ ریکارڈ 11 ستمبر 2025 کو امریکی ریاست ٹینیسی میں قائم کیا تھا، جس کی باضابطہ تصدیق اب گنیز ورلڈ ریکارڈز نے کردی ہے۔
میڈن 6 سال کی عمر سے جمناسٹک کی تربیت لے رہے ہیں۔ وہ پہلے اولمپکس میں حصہ لینے کا خواب دیکھتے تھے، تاہم کمر کی ڈسک متاثر ہونے اور ہڈیوں میں دباؤ کے باعث پیدا ہونے والی چوٹوں نے انہیں طویل عرصے تک تربیت سے دور رکھا۔
ریکارڈ بنانے کے لیے انہوں نے کئی ماہ تک خصوصی مشقیں کیں۔ پہلے مٹھیوں کے بل توازن قائم کرنے کی تکنیک سیکھی، پھر جسمانی قوت اور برداشت بڑھانے پر توجہ دی۔
مزید پڑھیں:برطانوی شہری نے ایک منٹ میں 15 فِش فنگرز کھا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا
ان کے مطابق اس مشق کے دوران ہاتھوں کے جوڑوں پر شدید دباؤ پڑتا ہے اور ہر کوشش کے بعد ان کی مٹھیاں سوج جاتی تھیں، جس کے باعث انہیں آرام اور برف سے سکائی کا بھی اہتمام کرنا پڑتا تھا۔
میڈن شیلی اب ایک اور عالمی ریکارڈ بنانے کے خواہش مند ہیں۔ جمناسٹک سے اپنی دیرینہ وابستگی کو عالمی اعزاز میں بدلنے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ وہ مزید مشکل چیلنجز آزمانا چاہتے ہیں۔











