پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو لاہور میں اتوار کے روز انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا، جبکہ انہیں باضابطہ تنبیہ بھی جاری کی گئی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے حارث رؤف کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا۔ انہیں کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کے تحت لیول ون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی ون ڈے سیریز: عرفات منہاس کی آل راؤنڈ کارکردگی، پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی
یہ 24 ماہ کے دوران حارث رؤف کی تیسری تادیبی خلاف ورزی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔
واقعہ پاکستان کی اننگز کے 46ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا، جب نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود حارث رؤف نے وائیڈ بال کی اپیل کی اور اس کے بعد انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
Haris Rauf has been fined 20% of his match fee and handed one demerit point for breaching the ICC Code of Conduct against England.
It’s his third offence in 24 months, taking his tally to five demerit points. He had already served a two-match ODI suspension following the Asia… https://t.co/fwOxmcmQB9
— Pavilion Post (@CricinsightsX) October 28, 2026
دورانِ بحث حارث رؤف نے اپنا بلا اٹھایا اور امپائر شرف الدولہ ابن شاہد کی تنبیہ کے باوجود ول جیکس کے ساتھ الجھتے رہے۔
بعد ازاں انگلش آل راؤنڈر کی جانب بڑھتے ہوئے وہ امپائر کے قریب سے گزرے، جس کے بعد میچ آفیشلز نے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی۔
انگلینڈ پر بھی جرمانہ عائد
اسی میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو سست اوور ریٹ پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ بھی کیا گیا، آئی سی سی کے مطابق انگلش ٹیم مقررہ وقت میں 3 اوورز کم کر سکی، جبکہ قابلِ اطلاق اضافی وقت کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں ہر اوور کم کرنے پر کھلاڑیوں پر ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کا51 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا، شاداب خان اور حارث رؤف نے نئی کرکٹ تاریخ لکھ دی
حارث رؤف اور انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے اپنی اپنی خلاف ورزیوں کا اعتراف کرتے ہوئے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے جیف کرو کی جانب سے تجویز کردہ سزائیں قبول کر لیں، اس لیے باقاعدہ تادیبی سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
حارث رؤف اور انگلینڈ کے خلاف الزامات آن فیلڈ امپائرز راشد ریاض اور شرف الدولہ ابن شاہد، تھرڈ امپائر وین نائٹس اور فورتھ امپائر ناصر حسین نے عائد کیے تھے۔
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی حاصل کی
یہ تادیبی کارروائیاں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد سامنے آئیں، جس میں پاکستان نے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے ون ڈے سہ ملکی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 154 رنز پر 9 وکٹیں گنوا چکی تھی، تاہم آل راؤنڈر شاداب خان نے ناقابلِ شکست سنچری بنا کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری: پاکستان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں بہتری
شاداب خان نے حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 89 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کو ہدف تک پہنچا دیا۔
پاکستان نے 17 گیندیں باقی رہتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹائٹل مقابلے میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ 31 اکتوبر کو سری لنکا سے ہونا طے پایا ہے۔











