قذافی اسٹیڈیم میں شاداب خان اور حارث رؤف کی 10 ویں وکٹ کی ناقابل شکست 89 رنز کی شراکت نے ون ڈے کرکٹ کا 51 سال پرانا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ کامیاب ون ڈے رن چیس میں 10 ویں وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ ہے۔
اتوار کو پاکستان نے نہ صرف ایک تاریخی فتح حاصل کی بلکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچ میں 51 سال پرانا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ اس تاریخی شراکت نے کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا باب رقم کر دیا۔
شاداب خان اور حارث رؤف کی اس شراکت نے ویسٹ انڈیز کے ڈیریک مورے اور اینڈی رابرٹس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو انہوں نے 1975 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ایجبسٹن میں پاکستان کے خلاف ہی بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:کرکٹ تاریخ میں کھیل کا انوکھا اختتام، آؤٹ قرار دیے گئے شاداب خان نے میچ کیسے جتوا دیا؟
اس کامیابی کے ساتھ 51 سال کا طویل انتظار ختم ہو گیا اور ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں یہ آخری وکٹ کی سب سے بہترین کم بیک شراکت کے طور پر درج ہو گئی ہے۔
شاداب خان اور حارث رؤف کا ریکارڈ ساز کم بیک
ایسے مایوس کن اور نازک ترین لمحات میں شاداب خان نے 8 ویں پوزیشن پر آ کر ذمہ دارانہ اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ایک یادگار سینچری اسکور کی۔ انہوں نے آخری نمبر کے بیٹر حارث رؤف کے ساتھ مل کر 10 ویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 89 رنز کی شراکت قائم کی۔
اسی شراکت نے پاکستان کو شکست کے منہ سے نکال کر فتح سے ہمکنار کرایا۔ پاکستان کو 242 رنز کا ہدف ملا تھا اور اس کی 9 وکٹیں 154 رنز پر گر چکی تھیں۔ جیت کے لیے مزید 88 رنز درکار تھے۔
ایسے میں شاداب خان اور حارث رؤف نے میچ کا رخ پلٹ دیا اور پاکستان نے ہدف 47.1 اوورز میں 243 رنز بنا کر ایک وکٹ سے حاصل کر لیا۔
شاداب خان 96 گیندوں پر 113 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ کسی بھی ون ڈے میں نمبر 8 پر کھیلنے والے بلے باز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔ حارث رؤف نے 19 گیندوں پر 7 رنز بنائے، شاداب خان نے ڈیبیو کرنے والے ہنری کروکومب کو چوکا لگا کر جیت مکمل کی۔
1975 کا ایجبسٹن کا ریکارڈ
یہ ریکارڈ 11 جون 1975 کو برمنگھم کے ایجبسٹن میں ورلڈ کپ کے ایک یادگار میچ میں بنا تھا۔ پاکستان نے 60 اوورز میں 7 وکٹوں پر 266 رنز بنائے تھے، جس میں ماجد خان اور وسیم راجا نے نصف سینچریاں اسکور کیں۔ سرفراز نواز نے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
مزید پڑھیں:سہ فریقی سیریز: انگلینڈ کے ساتھ سنسنی خیز مقابلہ، شاداب خان نے شکست کو فتح میں بدل دیا
جواب میں ویسٹ انڈیز 267 رنز کے تعاقب میں 203 رنز پر 9 وکٹیں کھو چکا تھا۔ ایسے میں وکٹ کیپر ڈیریک مورے نے 61 اور فاسٹ باؤلر اینڈی رابرٹس نے 24 رنز بنائے اور دونوں ناقابل شکست رہے۔
ان کی 64 رنز کی شراکت نے 2 گیندیں باقی رہتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو میچ میں جیت دلا دی تھی۔ یوں 51 سال پہلے پاکستان اس ریکارڈ کا شکار بنا تھا اور اس ریکارڈ کو توڑا بھی پاکستان نے، اس فتح کے ساتھ پاکستان سہ فریقی ون ڈے سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ یہ سیریز میں اس کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ فائنل 31 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔











