آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری، بابر اعظم کو دھچکا، شاہین آفریدی اور صاحبزادہ فرحان کی ترقی

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے، ٹی 20 اور ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی، جس میں متعدد کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں نمایاں ردوبدل دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستان کے بابر اعظم ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں مزید 2 درجے نیچے چلے گئے، تاہم شاہین شاہ آفریدی اور صاحبزادہ فرحان اپنی رینکنگ بہتر بنانے میں کامیاب رہے۔

ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشن

آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم 2 درجے تنزلی کے بعد نویں پوزیشن پر آگئے ہیں، جبکہ شاداب خان نے 32 درجے ترقی کرکے 92ویں نمبر پر جگہ بنالی ہے۔

ون ڈے بیٹرز کی عالمی فہرست میں بھارتی بلے باز شبمن گل بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسری اور بھارت کے ویرات کوہلی تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔

انگلینڈ کے 2 بلے بازوں بین ڈکٹ اور ہیری بروک کی رینکنگ میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 6، 6 درجے ترقی کی، جس کے بعد بین ڈکٹ ساتویں اور ہیری بروک آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے۔

ون ڈے بولرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے راشد خان نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے اور پاکستان کے ابرار احمد تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 2 درجے بہتری کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم حارث رؤف کی رینکنگ میں 9 درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ 29ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ون ڈے آل راؤنڈرز میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی کی حکمرانی برقرار ہے، جبکہ ان کے ہم وطن محمد نبی 5 درجے ترقی کے بعد تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹی 20 رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان کی ترقی

مختصر ترین فارمیٹ کی تازہ رینکنگ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے ایک درجہ ترقی کرکے بیٹرز کی فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

بھارت کے ابھیشک شرما نے اپنے ہم وطن ایشان کشن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی 20 بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

ٹی 20 بولرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان بدستور سرفہرست ہیں، جبکہ پاکستان کے اسپنر ابرار احمد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں زمبابوے کے سکندر رضا نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ افغانستان کے راشد خان نے اس شعبے میں بھی نمایاں ترقی کی اور 7 درجے بہتری کے بعد نویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقی کھلاڑیوں کا عروج

ٹیسٹ کرکٹ کی نئی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن نے غیر معمولی ترقی کرتے ہوئے بولرز اور آل راؤنڈرز دونوں کی فہرستوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی مارکو یانسن کی ترقی کا سبب بنی، جس کے نتیجے میں وہ بولرز کی رینکنگ میں 5 درجے اوپر آکر پہلے نمبر پر پہنچ گئے۔

ان کی ترقی کے بعد آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک دوسرے نمبر پر چلے گئے، جبکہ اسکاٹ بولینڈ 3 درجے بہتری کے بعد چھٹی پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے ہیری بروک کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، تاہم جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے 4 درجے ترقی کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

آسٹریلیا کے تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ کو 3 درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن پہلے اور بھارت کے رویندرا جڈیجا دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ ہی کے سائمن ہارمر نے 15 درجے کی بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp