وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر انڈیپنڈنٹ گروپ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی وکلا برادری کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد اور قانون و انصاف کے حوالے سے حکومتی مؤقف کی حمایت کا مظہر ہے۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے انڈیپنڈنٹ گروپ کی قیادت اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کو خصوصی مبارکباد دی، جبکہ نو منتخب صدر سید امجد شاہ اور دیگر عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ بار انتخابات، صدر سمیت اہم عہدوں کے امیدواروں کی عبوری فہرست جاری
وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں انڈیپنڈنٹ گروپ کی کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ وکلا برادری حکومتی آئینی و قانونی اصلاحات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ وکلا برادری کو اصلاحات کے عمل میں اہم شراکت دار تصور کرتی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔
شہباز شریف نے انڈیپنڈنٹ گروپ کی قیادت، بالخصوص اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کی محنت، وکلا برادری کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ بار انتخابات: امجد شاہ کے کاغذات منظور، سردار امان کے اعتراضات مسترد
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ انڈیپنڈنٹ گروپ کے نو منتخب صدر سید امجد شاہ اور ان کے عہدیداران ملک میں قانون و انصاف کی بالادستی کے سفر میں حکومت اور وکلا برادری کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے۔











