اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے دوہری شہریت سے متعلق لازمی ڈیکلریشن جمع نہ کرانے والے اعلیٰ سرکاری افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے کے لیے وزیراعظم آفس کو سمری ارسال کردی۔
مزید پڑھیں:غیر ملکی یا دوہری شہریت ظاہر نہ کرنے والے سول سرونٹس کو ایک ہفتے کی مہلت
سمری میں گریڈ 20 سے 22 تک کے افسران کے خلاف کارروائی کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد متعلقہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 2 ہزار 917 سرکاری افسران میں سے 62.5 فیصد نے اب تک مطلوبہ ڈیکلریشن جمع نہیں کرایا۔ ڈیکلریشن جمع کرانے والے افسران میں سے صرف 8.68 فیصد نے غیر ملکی شہریت رکھنے کا انکشاف کیا ہے۔
ڈیکلریشن جمع نہ کرانے والوں میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، سیکریٹریٹ گروپ اور آفس مینجمنٹ گروپ کے افسران بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:بیوروکریٹس کو بھی دوہری شہریت رکھنے سے روکا جائے، نور عالم خان
حکام کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر متعلقہ افسران کی ترقیاں روکی جاسکتی ہیں، انہیں لازمی ریٹائر کیا جاسکتا ہے یا ملازمت سے برطرف بھی کیا جاسکتا ہے۔











