ہانگ کانگ سکسز 2026ء کے گروپ ‘سی’ کے اہم میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں زندہ کر دیں۔
ہانگ کانگ کے مونگ کوک میں واقع مشن روڈ گراؤنڈ پر جمعہ کے روز کھیلے گئے ہانگ کانگ سکسز 2026ء کے اپنے دوسرے گروپ ‘سی’ کے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 4 وکٹوں سے دھول چٹا کر ایونٹ میں شاندار کم بیک کیا ہے۔
قبل ازیں، بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 88 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے نمایاں 40 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں نیتش رانا نے 14 گیندوں پر 19 رنز (ایک چوکا، 2 چھکے) بنائے، جبکہ ٹی نٹراجن 6 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ راہول ترپاٹھی نے 5 گیندوں پر 9 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ راہول تیواتیا اور کپتان کرونال پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے ہانگ کانگ سُپر سکسز: متحدہ عرب امارات نے آخری گیند پر پاکستان کو ہرا دیا
پاکستان کی جانب سے عبدالصمد سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے ایک اوور میں 10 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
89 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے طوفانی آغاز کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان عباس آفریدی نے بھارتی کپتان کرونال پانڈیا کے پہلے ہی اوور میں مسلسل 5 چھکے لگا کر گرین شرٹس کو پہلے اوور میں 31 رنز کا اچھا آغاز فراہم کر دیا۔
دوسرے اوور میں خواجہ نافع نے تباہ کن بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نٹراجن کے اوور میں 5 چوکے لگا کر 28 رنز بٹورے، جس کی بدولت پاکستان کا اسکور صرف 2 اوورز میں 50 رنز سے تجاوز کر گیا۔
تاہم، ششانک سنگھ نے عباس آفریدی کو آؤٹ کر کے اس جارحانہ شراکت کا خاتمہ کیا۔ عباس آفریدی نے محض 8 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 35 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
یہ بھی پڑھیے پہلی ہی گیند پر سدھو کے آؤٹ ہونے کا معاملہ، وقار یونس نے کپل شرما کو ذمہ دار قرار دیدیا
عباس کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی خواجہ نافع کا لاٹھی چارج جاری رہا۔ انہوں نے 12 گیندوں پر 2 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے اور پھر تیواتیا کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد عرفان نیازی نے اپنی پہلی ہی گیند پر بلند و بالا چھکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہم کنار کر دیا۔ عبدالصمد 3 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور یوں پاکستان نے ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔











