واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے 4 نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کی مدد سے صارفین اہم پیغامات کو غیر معینہ مدت تک پن کرسکیں گے، نئے ممبران کے ساتھ سابقہ گفتگو شیئر کرسکیں گے اور مخصوص گروپس میں براہ راست اسٹیٹس بھی لگا سکیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے فیچرز کا مقصد گروپ چیٹس میں اہم معلومات تلاش کرنے، پرانی گفتگو سے آگاہ ہونے اور مخصوص افراد یا گروپس کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ یہ سہولیات اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرائی جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غیر فعال سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کرنے کا عمل شروع
واٹس ایپ کے نئے فیچر کے تحت صارفین اب گروپ چیٹس میں اہم پیغامات کو بغیر کسی مقررہ مدت کے پن کرسکیں گے۔ اس سے پہلے کسی پیغام کو پن کرنے کے لیے 24 گھنٹے، 7 دن یا 30 دن کی مدت منتخب کرنا ضروری تھا، تاہم نئی سہولت کے ذریعے اہم پیغامات غیر معینہ مدت تک چیٹ کے اوپر موجود رہیں گے۔
نئے فیچر کے ذریعے گروپ کے منتظمین اور ممبران کسی نئے شامل ہونے والے شخص کے ساتھ سابقہ گفتگو بھی شیئر کرسکیں گے، جس سے نئے ممبر کو گروپ میں ہونے والی پہلے کی بات چیت سمجھنے میں آسانی ہوگی اور اسے دوسرے ممبران سے بار بار تفصیلات پوچھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
واٹس ایپ کے مطابق اس سہولت کے تحت شیئر کیے جانے والے پیغامات بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے آئی فون پر شیڈولڈ میسجز فیچر کی آزمائش شروع کر دی
واٹس ایپ نے صارفین کو یہ سہولت بھی فراہم کی ہے کہ وہ اپنا اسٹیٹس تمام رابطوں کے بجائے کسی مخصوص گروپ میں شیئر کرسکیں گے۔ گروپ کے دیگر ممبران اس اسٹیٹس کو دیکھنے کے ساتھ اس پر ردعمل بھی دے سکیں گے، جبکہ یہ اسٹیٹس عام اسٹیٹس کی طرح 24 گھنٹے بعد خود بخود غائب ہوجائے گا۔
نئے فیچرز میں ایک ایسا فلٹر بھی شامل کیا گیا ہے جس کی مدد سے صارفین ان پیغامات کو آسانی سے تلاش کرسکیں گے جن میں انہیں مینشن کیا گیا ہو، ان کی کسی بات کا جواب دیا گیا ہو یا پورے گروپ کو مخاطب کیا گیا ہو۔ اس سہولت سے غیر پڑھے ہوئے اہم پیغامات تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
واٹس ایپ کے یہ نئے فیچرز کمیونٹی چیٹس میں بھی دستیاب ہوں گے اور ضرورت نہ ہونے پر انہیں ہٹایا بھی جاسکے گا۔











