گلگت بلتستان: اسکردو میں پسند کی شادی کرنے والا جوڑا 2 بچوں سمیت قتل، پورے خاندان کو گھر میں گلا کاٹ کر قتل کیا گیا

جمعہ 30 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچوں کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔

اسکردو پولیس اور ریسکیو کے مطابق افسوسناک واقعہ اسکردو کے علاقے مدینہ کالونی کے قریب پیش آیا۔ ڈی آئی جی گلگت بلتستان رینج آصف اقبال مہمند نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ رات ایک سے دو بجے کے درمیان پیش آیا، جس کی اطلاع صبح آٹھ بجے کے قریب پولیس کو ملی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی تقاضے بھی پورے کیے گئے۔

پورے خاندان کو قتل کر دیا گیا

آصف اقبال مہمند نے بتایا کہ جوڑے نے چھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور چند سال پہلے کراچی سے اسکردو منتقل ہوئے تھے۔ ان کے مطابق خاتون کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع پاراچنار سے تھا، جبکہ ان کے شوہر کا تعلق اسکردو سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ رات کے وقت نامعلوم قاتل گھر میں داخل ہوئے اور پہلے خاتون اور دونوں بچوں کو قتل کیا۔ اس کے بعد جب شوہر، جو ایک مقامی ہوٹل میں کام کرتا تھا، رات تقریباً دو بجے گھر پہنچا تو اسے بھی قتل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مستونگ، پسند کی شادی کرنے والا جوڑا 7 سال بعد غیرت کے نام پر قتل

آصف اقبال مہمند نے بتایا کہ پورے خاندان کو قتل کیا گیا اور چاروں افراد کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی شروع کر دی ہے۔

مقتول کے ایک قریبی رشتہ دار نے بتایا کہ صبح کے وقت جب رشتہ دار کام کے سلسلے میں ان کے گھر پہنچے تو انہیں قتل کے واقعے کا علم ہوا، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول نے چند سال قبل پاراچنار سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی اور بعد ازاں اسکردو منتقل ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پسند کی شادی کرنے پر باپ نے بیٹی کو مار ڈالا، قتل چھپانے پر پولیس اہلکار معطل

جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ریسکیو کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہیں صبح مقامی افراد کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون کی لاش کچن میں ملی، جبکہ دونوں بچوں کو بستر پر ہی قتل کیا گیا تھا۔ شوہر کی لاش برآمدے سے ملی۔

ریسکیو اہلکار کے مطابق چاروں افراد کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کیا گیا۔

واقعے کے خلاف اسکردو میں احتجاج اور دھرنا

اسکردو میں پورے خاندان کے قتل کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج شروع کر دیا اور بے نظیر اسپتال کے سامنے سڑک بند کرکے دھرنا دیا۔

مظاہرین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔

ڈی ایس پی اسکردو نے مظاہرین اور اہل خانہ کو بتایا کہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ مختلف مقامات پر ناکے لگا کر چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری اور تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp