پشاور کو صاف ستھرا بنانے کے لیے ڈبلیو ایس ایس پی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر قرۃ العین وزیر میدان میں خود نکل آئیں، شہر میں صفائی کا جائزہ لینے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے رات گئے آپریشنز کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن چھٹے روز میں داخل،400 سے زائد غیر قانونی تعمیرات مسمار
تجاوزات کے خلاف ممکنہ کارروائی کے پیشِ نظر شہریوں نے خود ہی سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی قبضے ختم کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ دوسری جانب مس وزیر کی نگرانی میں جاری ’کلین پشاور مہم‘ کو بھی شہریوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
ڈبلیو ایس ایس پی کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں رات 11 بجے سے صبح 3 بجے تک خصوصی صفائی آپریشن جاری رہتے ہیں، جس کے تحت گلبہار نمبر ون کی 14 جبکہ گلبہار نمبر ٹو کی 2 گلیوں میں نکاسی آب کی نالیوں کی صفائی مکمل کرلی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور کا تاریخی یادگار چوک خستہ حالی کا شکار
سی ای او قرۃ العین وزیر نے عملے کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے، جبکہ غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کا انتباہ بھی دیا ہے۔
دوسری جانب مشیر بلدیات خیبرپختونخوا آصف رفیق نے بھی ڈبلیو ایس ایس پی حکام کو پشاور میں صفائی کا عمل مزید تیز کرنے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔










