پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا معاملہ، حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کی تاریخ طے

ہفتہ 31 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کے آئندہ اجلاس کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

لیاقت بلوچ کے مطابق اسحاق ڈار نے انہیں پیغام دیا ہے کہ جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 3 نومبر کو ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات 3 نومبر کو ہوں گے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا بنیادی مقصد پیٹرولیم لیوی کا بتدریج خاتمہ اور مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے خاتمے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے اپنا مؤقف مذاکرات کے دوران پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ اگر پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی گئی تو ہم نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp