میکڈونلڈز کو ’میک رِب سینڈوچ‘ کے معاملے پر مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا، امریکی عدالت

اتوار 1 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے میکڈونلڈز کی جانب سے میک رب سینڈوچ کے اجزا سے متعلق صارفین کو گمراہ کرنے کے الزام میں دائر مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کوئی بھی معقول صارف میک رب سینڈوچ کے نام سے اس میں پسلیوں کا گوشت شامل ہونے کی توقع نہیں کرسکتا۔

مقدمے میں صارفین نے الزام عائد کیا ہے کہ میکڈونلڈز نے سینڈوچ میں استعمال ہونے والے گوشت کو پسلیوں جیسی شکل دینے کے لیے اس کی پیٹی پر مخصوص ابھار بنائے، تاکہ خریدار یہ سمجھیں کہ اس میں خنزیر کی پسلیوں کا گوشت شامل ہے۔ مدعیان کے مطابق پسلیوں کا گوشت نسبتاً مہنگا ہوتا ہے، جبکہ کمپنی مبینہ طور پر اس کے بجائے خنزیر کے کم قیمت حصے استعمال کرتی ہے۔

شکاگو کی وفاقی جج اپریل پیری نے مقدمے کے بعض دعوے مسترد کیے، تاہم کہا کہ کمپنی کی یہ دلیل فی الحال قبول نہیں کی جاسکتی کہ کوئی معقول صارف میک رب سے پسلیوں کے گوشت کی توقع نہیں کرے گا۔ جج کے مطابق میکڈونلڈز کی ویب سائٹ پر سینڈوچ کو صرف خنزیر کے گوشت سے تیار کردہ بتایا گیا ہے، لیکن صارفین سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ سات ڈالر کے فاسٹ فوڈ سینڈوچ کی خریداری سے پہلے اس کے اجزا پر تفصیلی تحقیق کریں۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ اشتہارات میں گوشت کو پسلیوں جیسی شکل میں دکھانا اس الزام کی تائید کرسکتا ہے کہ کمپنی نے صارفین کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، تاہم اس حوالے سے مزید شواہد درکار ہوں گے۔

مدعیان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سینڈوچ میں مبینہ طور پر کندھے، دل، ٹرائپ یا معدے سمیت خنزیر کے دیگر حصے استعمال کیے جاتے ہیں، جس کے باعث صارفین نے اس کی اصل قیمت سے زیادہ رقم ادا کی۔ ان کے وکیل تھیاگو کوئلو نے کہا ہے کہ ان کے موکل گمراہ کن تشہیر کے معاملے پر کمپنی کا احتساب کرانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بائیکاٹ مہم کا اثر: میک ڈونلڈز نے 30 سالہ پرانی فرنچائز سے تمام برانچوں کی ملکیت واپس لےلی

دوسری جانب میکڈونلڈز نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میک رب میں دل، ٹرائپ یا معدہ استعمال نہیں کیا جاتا اور کمپنی ہمیشہ اپنے اجزا کے بارے میں شفاف رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق مقدمے میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے اور الزامات بے بنیاد ہیں۔

میکڈونلڈز 1981 سے وقفے وقفے سے میک رب سینڈوچ فروخت کررہی ہے۔ فاسٹ فوڈ کمپنیوں کو اس سے پہلے بھی اشتہارات اور مینو میں کھانے کی اشیا کو اصل سے بڑا دکھانے کے الزامات پر مقدمات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp