روسی حملوں کا خوف: ہالی ووڈ اداکار کی کیف کے زیرِ زمین اسٹیشن میں رات گزارنے کی کہانی وائرل

اتوار 1 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر میں مقبول ترین ڈرامہ سیریز ‘گیم آف تھرونز’ میں جیمی لینسٹر کا یادگار کردار نبھانے والے اداکار نکولائی کوسٹر والڈو کی کیف کے ایک میٹرو اسٹیشن پر پناہ لیے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرے کے پیشِ نظر اداکار نے محفوظ مقام کے طور پر میٹرو اسٹیشن میں پناہ لی۔

سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہونے کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اسٹیشن پر پوری رات گزارنے کے بعد نکولائی کوسٹر کو میٹرو ٹرین میں سفر کرتے بھی دیکھا گیا۔ ٹرین کی  کوچ میں نشست سنبھالنے کے بعد انہوں نے پہچاننے والے ایک مداح کے ساتھ خوش دلی سے سیلفی بھی بنوائی۔

تصویر وائرل ہونے کے بعد ہالی ووڈ اداکار نے اپنی مقبولیت اور شہرت کا استعمال کرتے ہوئے عام شہریوں پر جنگ کے بھیانک اثرات کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کروائی۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر وہی وائرل تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’کیف کے میٹرو اسٹیشن میں ایک رات گزاری، جو کافی سخت اور خوفناک تھی۔ میں نے تو صرف ایک رات یہاں گزاری اور اس کا احوال بیان کر رہا ہوں، لیکن ہزاروں یوکرینی شہریوں کے لیے بمباری کے دوران زندہ رہنے اور محفوظ رہنے کے لیے یہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ ہمیں ان عام شہریوں کی مدد کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا اور ان عالمی قوانین کی پاسداری کرنی ہوگی جن پر ہم سب کا اتفاق ہے۔‘

اداکار نے اپنی اس پوسٹ میں اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کو بھی ٹیگ کیا۔

ایک مقامی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں نکولائی کوسٹر نے بتایا کہ وہ بحیثیت یو این ڈی پی (UNDP) کے سفیرا ن کے ہمراہ کیف کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’میں یہاں یو این ڈی پی کی نمائندگی کر رہا ہوں اور میرا مقصد لوگوں میں شعور بیدار کرنا ہے تاکہ دنیا اس ملک کو بھول نہ جائے۔ یہ قوم شاندار ہمت کا مظاہرہ کر رہی ہے لیکن انہیں بین الاقوامی برادری کی مدد کی اشد ضرورت ہے، بالخصوص اب جبکہ موسمِ سرما کی آمد آمد ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp