پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے پاکستان اور چین کے درمیان براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ پہلی پرواز 30 اکتوبر کو اسلام آباد سے بیجنگ روانہ ہوئی، جبکہ نئے شیڈول کے تحت دونوں دارالحکومتوں کے درمیان ہر جمعے کو ہفتہ وار پرواز چلائی جائے گی۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پروازوں کی بحالی سے پاکستان اور چین کے درمیان فضائی رابطے مزید مضبوط ہوں گے اور مسافروں کو دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست سفر کی سہولت میسر آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پا کستانی ہوا بازی کی تاریخ میں نیا باب، پی آئی اے میں پہلا ڈریم لائنر طیارہ شامل
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایئرلائن مسافروں کو مسابقتی کرایوں کے ساتھ مستقل اور قابلِ اعتماد فضائی خدمات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
چین میں اپنے فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے پی آئی اے نے 3 چینی فضائی کمپنیوں ایئر چائنا، شین ژین ایئرلائنز اور ہینان ایئرلائنز کے ساتھ تعاون بھی بڑھایا ہے۔
ایئر چائنا کے ساتھ شراکت داری کے تحت مسافروں کو بیجنگ کے ذریعے چین کے مختلف شہروں تک مزید پروازوں اور رابطوں کی سہولت حاصل ہوگی۔











