انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی ڈیڈلائن ختم، کن افراد پر اب بھی جرمانہ نہیں ہوگا؟

اتوار 1 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مالی سال کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مقررہ آخری تاریخ 31 اکتوبر گزرنے کے بعد آج سے تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے والوں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم ایسے ٹیکس دہندگان کو جرمانے سے استثنیٰ حاصل ہوگا جنہوں نے مقررہ تاریخ سے پہلے ہی گوشوارے جمع کرانے کی مدت میں توسیع کے لیے درخواست دے رکھی ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ تک ملک بھر سے 78 لاکھ سے زیادہ گوشوارے موصول ہوئے۔

دوسری جانب تاجر آسان ٹیکس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 1945 انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے، جن کے ذریعے 19 کروڑ روپے ٹیکس وصول ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اکتوبر کے دوران مجموعی طور پر 1013 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا، جبکہ اس ماہ کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 1132 ارب روپے مقرر تھا۔

اکتوبر کی ٹیکس وصولی میں 430 ارب روپے انکم ٹیکس اور 425 ارب روپے سیلز ٹیکس کی مد میں حاصل ہوئے۔ اس کے علاوہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 80 ارب روپے جبکہ کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 118 ارب روپے وصول کیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ یعنی جولائی سے اکتوبر تک مجموعی طور پر 4099 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔

اس عرصے کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 4185 ارب روپے مقرر تھا، تاہم مجموعی وصولیاں مقررہ ہدف سے 86 ارب روپے کم رہیں۔

واضح رہے کہ 31 اکتوبر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی، جس کے گزرنے کے بعد یکم نومبر سے تاخیر کے ساتھ گوشوارے جمع کرانے والوں پر جرمانے کا اطلاق ہوگا، البتہ مقررہ وقت پر توسیع کی درخواست دینے والے ٹیکس دہندگان کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp