اب ڈرائیونگ لائسنس کے لیے بار بار دفاتر جانے کی ضرورت نہیں، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بڑا اعلان کردیا

اتوار 1 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس کی ٹی سی ایس کے ذریعے گھر کی دہلیز پر ترسیل کا نظام متعارف کرا دیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اس نئے نظام کے تحت شہری لائسنسنگ کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد اسی وقت اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ وقت کی بچت کے لیے ٹی سی ایس کے ذریعے گھر پر بھی لائسنس منگوا سکتے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق اسلام آباد کے رہائشیوں کو ایک روز جبکہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد کو دو روز میں ڈرائیونگ لائسنس گھر کی دہلیز پر فراہم کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سہولت کے آغاز کے بعد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے وقت اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے آسان خدمات کی فراہمی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی شہریوں کی سہولت اور جدید پولیسنگ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر نے واضح کیا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جدت اور جدید سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp