111 سال قبل غرقاب ہونے والے جہاز ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھانے کے لیے لوگوں کو زیر سمندر لے جانے کے دوران تباہ ہونے والی اوشین گیٹ کمپنی کی آبدوز ’ٹائٹن‘ کا ملبہ نکال لیا گیا۔
سمندر کی تہہ سے نکالی گئی چیزوں میں آبدوز نما کا اگلا حصہ بھی شامل ہے جس سے بدقسمت سیاحوں کو ٹائی ٹینک کی باقیات کا نظارہ کرنا تھا۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق امریکا کے طبی ماہرین انسانی باقیات کا باضابطہ تجزیہ کریں گے۔
ٹائٹن کی باقیات حادثے کے دسویں روز نکال کر کینیڈا لائی گئیں ہیں، باقیات پر تحقیقات کر کے حادثے کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق ٹائٹن کو حادثہ بحر اوقیانوس میں 12 ہزار 5 سو فٹ نیچے پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹائٹن کے اندر دھماکا ہوا تھا۔
ٹائٹن کے ساتھ پیش آنے والے حادثے میں پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سمیت 5 سیاح جان کی بازی ہار گئے تھے۔

واضح رہے کہ بحرِ اوقیانوس میں سنہ 1912 میں غرقاب ہونے والی ٹائٹینک تک تفریحی سفر کے لیے جانے والی آبدوز ٹائٹن 18 جون کو زیرِ آب دباؤ کے باعث دھماکے سے تباہ ہو گئی تھی۔
اس حادثے میں پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور انکے بیٹے سمیت پانچ سیاح مارے گئے تھے۔














