بھارت میں بالی ووڈ اسٹار غیر محفوظ، سلمان خان اور ٹائیگر شروف پر حملے کے بعد امیتابھ بچن بلٹ پروف حصار میں چلے گئے

پیر 2 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں بالی ووڈ ستاروں کی سکیورٹی پر سوالات اٹھنے لگے، سلمان خان پر فائرنگ، ٹائیگر شروف اور دلجیت دوسانجھ کو دھمکیوں کے بعد اب لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے بھی اپنی حفاظت کے لیے غیر معمولی اقدامات اختیار کرلیے ہیں۔

 اپنی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد امیتابھ بچن نے پہلی بار مداحوں سے ملاقات بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے کی، انہوں نے حفاظتی شیشے کے پیچھے سے مداحوں کو سلام کیا۔ اس غیر معمولی ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے بعد بالی ووڈ فنکاروں کی سکیورٹی سے متعلق بحث ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کو باندرہ کرلا کمپلیکس کے علاقے میں واقع ایک اسکول کو موصول ہونے والی ای میل کے ذریعے امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی سے آگاہ کیا گیا تھا۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردیں اور اداکار کے گھر کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کردی۔

84 سالہ امیتابھ بچن ہر اتوار کو اپنی رہائش گاہ کے باہر جمع ہونے والے مداحوں سے ملاقات کرتے ہیں۔ دھمکی کے باوجود انہوں نے یہ روایت برقرار رکھی تاہم اس بار وہ مداحوں کے سامنے بلٹ پروف شیشے کے پیچھے نمودار ہوئے۔ ان کے بیٹے ابھیشیک بچن بھی اس موقع پر والد کے ہمراہ موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت اداکاروں کے لیے بھی غیر محفوظ؟ ٹائیگر شروف پر سرعام فائرنگ، حملے کی ذمہ داری کس نے قبول کی؟

واضح رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں سکیورٹی خدشات کا معاملہ نیا نہیں۔ اپریل 2024 میں سلمان خان کے ممبئی میں واقع گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جبکہ ٹائیگر شروف سے متعلق حملے کی اطلاعات نے بھی فنکاروں کے تحفظ پر سوالات اٹھائے ہیں۔ گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ سمیت دیگر معروف شخصیات کو بھی مختلف مواقع پر دھمکیوں کا سامنا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’اگلی گولی سینے میں ماریں گے‘، فلم ساز روہت شیٹی کے گھر پر فائرنگ، حملہ آوروں کی سنگین دھمکی

ان واقعات کے تناظر میں سوشل میڈیا صارفین سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا بھارت میں اب بھارت معروف فلمی شخصیات کے لیے بھی غیر محفوظ بنتا جا رہا ہے؟ امیتابھ بچن کا مداحوں سے بلٹ پروف شیشے کے پیچھے ملاقات کرنا اس بحث کو مزید نمایاں کر رہا ہے۔

دوسری جانب امیتابھ بچن اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان دنوں مقبول ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ انہیں آخری مرتبہ 2024 میں ریلیز ہونے والی تامل فلم ’ویٹائیان‘ میں سپر اسٹار رجنی کانتھ کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp