ممبئی میں معروف بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کے قریب سرِعام فائرنگ کے واقعے نے بھارت میں فلمی شخصیات کی سیکیورٹی پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ فائرنگ کے دوران اداکار محفوظ رہے تاہم ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا بھارت میں بالی ووڈ فنکار غیر محفوظ ہیں؟ صارفین کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران بھارتی فلم انڈسٹری کی متعدد معروف شخصیات حملوں کا نشانہ بنی ہیں یا انہیں دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس حوالے سے اداکار سلمان خان کا معاملہ خاص طور پر نمایاں ہے جن کے ممبئی میں واقع گھر کے باہر اپریل 2024 میں فائرنگ کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شوٹرز نے اداکار سلمان خان کے گھر فائرنگ کرنے کا کتنامعاوضہ لیا؟
اسی طرح جنوری 2025 میں اداکار سیف علی خان پر ان کی رہائش گاہ میں رات کے وقت چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔ ایسے واقعات کے تناظر میں ٹائیگر شروف کے قریب فائرنگ کے تازہ واقعے نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ بھارت میں بالی ووڈ کی معروف شخصیات کس حد تک محفوظ ہیں؟
بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو مشتبہ حملہ آوروں کی تصاویر سامنے آئی ہیں جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے 15 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کے گھر پر فائرنگ، منصوبہ بندی کہاں ہوئی، تفصیلات سامنے آ گئیں
تفتیش کار اس امکان کا جائزہ لے رہے ہیں کہ حملہ آوروں نے واردات سے قبل اداکار کی نقل و حرکت پر نظر رکھی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی شام ممبئی کے علاقے میں پشپا نرسی پارک کے قریب فائرنگ کے بعد مشتبہ افراد مبینہ طور پر موٹر سائیکل پر فرار ہوئے اور بعد ازاں اسے اندھیری (مغرب) ریلوے اسٹیشن کے باہر چھوڑ دیا۔
BREAKING: GUNMEN OPEN FIRE AT BOLLYWOOD STAR TIGER SHROFF IN MUMBAI, LEAVING TWO PEOPLE INJURED pic.twitter.com/5uduOAiQj5
— Aerion Reporters (@Aerionreporter) October 18, 2026
پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ آوروں کو ٹائیگر شراف کے معمولات کا علم تھا۔ اداکار مبینہ طور پر ہر اتوار کو مذکورہ پارک میں تقریباً 2 گھنٹے فٹ بال کھیلنے آتے ہیں۔ تفتیش کار اس پہلو پر بھی کام کر رہے ہیں کہ آیا ملزمان نے پہلے علاقے کی ریکی کی اور پھر اداکار کی آمد کا انتظار کیا۔
ایک پولیس افسر کے مطابق بظاہر ملزمان نے اداکار کا پیچھا کیا اور ان کی آمد تک پارک کے دروازے کے باہر انتظار کیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے پانچ گولیاں چلائیں اور موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ایس وی روڈ کی جانب فرار ہوگئے۔ واقعے میں ٹائیگر شراف محفوظ رہے تاہم ان کے ڈرائیور فردوش کے بائیں ہاتھ میں گولی لگی جبکہ اداکار کی گاڑی کے قریب موجود ایک اور شخص بھی زخمی ہوگیا۔ دونوں زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
#मुंबई के जुहू में टाइगर श्रॉफ पर फायरिंग हुई, जिसमें उनके ड्राइवर को गोली लगी। लॉरेंस बिश्नोई गैंग ने हमले की जिम्मेदारी ली और सलमान खान के साथ काम करने वालों को धमकी दी। #TigerShroff #MumbaiFiring #BreakingNews #LawrenceBishnoi #MumbaiPolice #BollywoodNews https://t.co/gauM4Aqcrs pic.twitter.com/kqQDyrDaGK
— Journalist Ravendra kumar (@Chhotukingoffi1) October 18, 2026
پولیس فرار کے ممکنہ راستوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ موٹر سائیکل کا رجسٹریشن نمبر اور ملزمان کی شناخت معلوم کی جاسکے۔ قریبی ریلوے اسٹیشنوں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے تاکہ پتا چلایا جاسکے کہ آیا ملزمان موٹر سائیکل چھوڑنے کے بعد ٹرین کے ذریعے فرار ہوئے۔
تفتیش کار اس امکان کی بھی چھان بین کر رہے ہیں کہ مشتبہ حملہ آور شمالی بھارت سے ممبئی آئے تھے اور ان کے لارنس بشنوئی گینگ سے روابط ہوسکتے ہیں۔ تاہم پولیس نے تاحال ملزمان کی شناخت یا کسی گینگ سے ان کے تعلق کی تصدیق نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی رہائش گاہ پر 2 بڑے سانپ نکل آئے، وکی دوبے کی طلبی
حکام فائرنگ کے اس واقعے کا موازنہ ماضی کے ان واقعات سے بھی کر رہے ہیں جنہیں مبینہ طور پر مذکورہ گینگ سے منسوب کیا گیا تھا۔ ان میں فلم ساز روہت شیٹی کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کا واقعہ بھی شامل ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے مبینہ طور پر گینگ سے وابستہ افراد نے اتوار کی فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تاہم پولیس نے پوسٹ کی صداقت کی تصدیق نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان پر حملہ کرنے والا ملزم بالآخر گرفتار، تعلق کس ملک سے ہے؟
پولیس عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کر رہی ہے جبکہ فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ سے شواہد اور نمونے بھی جمع کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق ریکارڈ پر ایسی کوئی شکایت موجود نہیں جس میں ٹائیگر شروف نے واقعے سے قبل دھمکی آمیز فون کالز موصول ہونے کی اطلاع دی ہو۔
واقعے کے بعد مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ٹائیگر شراف کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور فائرنگ کو تشویش ناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔ ان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی متعدد ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔










