طوفان ’موراسو‘ کا خطرہ، بھارتی ریاست تامل ناڈو اور آندھرا پردیش میں ہائی الرٹ

پیر 2 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں میں حکام نے پیر کے روز لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایک شدید سمندری طوفان کے منگل کو ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا خدشہ ہے، جبکہ یہ خطہ گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن طوفان کے اثرات سے ابھی مکمل طور پر باہر نہیں نکل سکا۔

یہ بھی پڑھیں: سمندری طوفان ارنب بھارتی ساحل سے ٹکرا گیا، آندھرا پردیش اور اڑیسہ میں شدید بارشیں

سمندری طوفان ’موراسو‘ کی شدت گزشتہ ہفتے آنے والے طوفان ’ارنب‘ کے مقابلے میں کم رہنے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ درجنوں مکانات اور فصلیں تباہ ہو گئی تھیں۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ طوفان موراسو منگل کی علی الصبح ساحل سے ٹکرائے گا۔

آندھرا پردیش اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر پراکھر جین کے مطابق، اب تک تقریباً 2 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے اور یہ عمل جاری ہے۔

ان کے مطابق حکام کا منصوبہ ہے کہ مجموعی طور پر تقریباً 30 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

طوفان خلیج بنگال میں تشکیل پایا ہے، جو سمندری طوفانوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم خطہ ہے اور ماضی میں بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں میں کئی تباہ کن طوفانوں کا سبب بن چکا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی ساحل پر واقع ریاستوں تامل ناڈو اور آندھرا پردیش میں طوفان کے شدید اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp