پاکستان نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا

پیر 2 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

گیانا کے شہر جارج ٹاؤن میں 31 اکتوبر 2026 کو کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کا 281 رنز کا ہدف 45ویں اوور کی پانچویں گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان جنید نینی تال والا نے فیصلہ کن رن بنا کر پاکستان کو یادگار فتح دلائی۔

فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 280 رنز بنائے۔ آسٹریلوی بلے باز گریگوری ایان ہنٹ نے شاندار سینچری اسکور کرتے ہوئے 103 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ اسٹیون پالسن نے 70 اور گلین بیٹیچیوٹو نے 43 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بلے بازوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 280 رنز تک محدود رکھا۔

پاکستان کی جانب سے سید فرید الدین آغا سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ وسیم علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد عدنان اکمل اور جاوید منصور کی شاندار شراکت

281 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مشکلات سے دوچار رہا۔ فہد جبار، عمران خان، توفیق عمر اور مسلسل عمدہ کارکردگی دکھانے والے شہریار غنی جلد آؤٹ ہوگئے، جس کے باعث قومی ٹیم شدید دباؤ میں آگئی۔

طارق محمود نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز عدنان اکمل اور تجربہ کار بلے باز جاوید منصور نے ذمہ داری سنبھالی۔

دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 105 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے پاکستان کی میچ میں واپسی ممکن بنائی۔

عدنان اکمل نے 83 جبکہ جاوید منصور نے 62 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔ دونوں کی عمدہ بیٹنگ نے پاکستان کو ہدف کے قریب پہنچایا اور عالمی ٹائٹل جیتنے کی امیدیں روشن کردیں۔

تاہم آسٹریلوی بولرز نے اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کرکے مقابلے کو ایک مرتبہ پھر سنسنی خیز بنا دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیمی پنیلی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، لیکن ان کی شاندار بولنگ بھی پاکستان کو فتح سے نہ روک سکی۔

آخری اوور میں فیصلہ، پاکستان ایک وکٹ سے کامیاب

میچ کے فیصلہ کن مرحلے میں وسیم علی نے 22 قیمتی رنز بنائے، جبکہ سید فرید الدین آغا 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

اختتامی اوورز میں وسیم علی کے رن آؤٹ ہونے اور اس کے بعد محمد خلیل کی وکٹ گرنے سے مقابلہ مزید دلچسپ ہوگیا۔

پاکستان کو فتح کے لیے آخری اوور تک انتظار کرنا پڑا، تاہم کپتان جنید نینی تال والا نے دباؤ میں اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے آخری اوور کی پانچویں گیند پر فیصلہ کن رن بنا دیا۔

یوں پاکستان نے ایک وکٹ سے تاریخی کامیابی حاصل کرکے آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

سید فرید الدین آغا فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار

پاکستان کی فتح میں نمایاں کردار ادا کرنے والے سید فرید الدین آغا کو فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

انہوں نے بولنگ میں 4 اہم وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ بیٹنگ میں بھی ناقابل شکست 23 رنز بنائے اور مشکل مرحلے میں پاکستان کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کے خلاف اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے بین الاقوامی ویٹرنز کرکٹ میں ایک منفرد اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

پاکستان ویٹرنز کرکٹ کے تینوں عمر کی کیٹیگریز کے عالمی کپ جیتنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

پاکستان کی تاریخی کامیابیوں میں 2022 میں آسٹریلیا کے شہر برسبین میں اوور 60 ورلڈ کپ، 2025 میں سری لنکا کے شہر کولمبو میں اوور 50 ورلڈ کپ اور اب 2026 میں گیانا کے شہر جارج ٹاؤن میں اوور 40 ورلڈ کپ کی فتح شامل ہے۔

یہ کامیابیاں مختلف عمر کے گروپس میں پاکستان کی مسلسل عمدہ کارکردگی اور بین الاقوامی سطح پر مسابقتی ویٹرنز کرکٹ کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔

گیانا میں حاصل ہونے والی تازہ کامیابی نے آسٹریلیا اور سری لنکا میں گزشتہ عالمی فتوحات کے بعد پاکستان کی ویٹرنز کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ کردیا ہے۔

فاتح پاکستانی ٹیم 3 نومبر کو کراچی پہنچے گی

آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل جیتنے والی پاکستانی ویٹرنز کرکٹ ٹیم تاریخی کامیابی کے بعد وطن واپس آرہی ہے۔

پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری عرفان احمد کے مطابق فاتح قومی ٹیم 3 نومبر 2026 کی علی الصبح کراچی پہنچے گی، جہاں کھلاڑی عالمی کپ کی ٹرافی اپنے ساتھ پاکستان لائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp