پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری اور انتظامی اصلاحات کے اہم مرحلے کے دوران بین الاقوامی ہوابازی کی صنعت کا ایک بڑا نام ایڈرین ہملٹن مانز ایئرلائن کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے طور پر باضابطہ ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔
ایڈرین ہملٹن مانز کو دنیا بھر کی ایئرلائنز میں مالیاتی نظم و ضبط قائم کرنے، کم لاگت نظام کو فروغ دینے اور ہوابازی کے شعبے میں اصلاحات لانے کا ماہر تسلیم کیا جاتا ہے۔
تعلق اور تعلیمی پس منظر
ایڈرین ہملٹن مانز کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے، انہوں نے بیچلر آف ایوی ایشن کی ڈگری میسی یونیورسٹی نیوزی لینڈ سے حاصل کی، جبکہ یونیورسٹی آف کمبریا برطانیہ سے ایم بی اے کیا۔
30 سالہ پیشہ ورانہ تجربہ
ایڈرین ہملٹن نے 1997 میں ایئر نیوزی لینڈ سے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے گزشتہ 3 دہائیوں میں ایشیا، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور اوشیانیا کے خطوں میں مختلف ایئرلائنز کے سربراہ اور اعلیٰ انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔
ایڈرین ہملٹن عمان کی کم لاگت فضائی کمپنی سلام ایئر کے سی ای او رہے، جہاں انہوں نے آمدن میں اضافے اور پروازوں کے نیٹ ورک میں وسعت کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈرین ہملٹن مانز نے عہدے کا چارج سنبھال لیا
انہوں نے قازقستان کی ایئر آستانہ گروپ کی ذیلی کم لاگت فضائی کمپنی فلائی آریستان کے صدر اور سی ای او کے طور پر 2020 سے 2024 تک ذمہ داریاں نبھائیں اور ایئرلائن کو خطے کی کامیاب ترین کم لاگت فضائی کمپنیوں میں شامل کروایا۔
انہوں نے 2012 سے 2016 کے دوران افریقی خطے میں کم لاگت فضائی کمپنی فلائی افریقہ ڈاٹ کام کے بانی سی ای او کے طور پر کام کیا۔ وہ بھارت کی معروف ایئرلائن انڈی گو میں چیف کمرشل آفیسر، ساؤتھ افریقن ایئرویز کے ایگزیکٹو نائب صدر، ورجن آسٹریلیا (پیسیفک بلیو)، ریڈکس ایشیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور قطر ایئرویز میں بھی اعلیٰ تجارتی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
شخصیت، اعزازات اور اصلاحاتی صلاحیتیں
عالمی جریدے فوربز مڈل ایسٹ نے سیاحت اور ہوابازی کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات پر انہیں مشرقِ وسطیٰ کے 100 بااثر ترین سیاحت اور سیاحتی صنعت کے رہنماؤں کی فہرست میں شامل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری مکمل، نئی انتظامیہ کا روڈ میپ کیا ہے؟
ایڈرین ہملٹن کا شمار ان اعلیٰ ہوابازی منتظمین میں ہوتا ہے جو خسارے میں گھری یا نئے سرے سے منظم کی جانے والی ایئرلائنز کے تجارتی نظام کو تبدیل کرکے انہیں منافع بخش بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جدید انتظامی حکمتِ عملی
ایڈرین ہملٹن فضائی آپریشنز کے اخراجات میں کمی، طیاروں کے بیڑے کے مؤثر استعمال، براہِ راست ڈیجیٹل فروخت اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل متعارف کرانے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔
پی آئی اے کے لیے ان کا انتخاب کیوں اہم ہے؟
پی آئی اے کے نئے بورڈ اور انتظامیہ نے ایڈرین ہملٹن مانز کی عالمی سطح پر ایئرلائنز کی تنظیم نو کی مہارت کو دیکھتے ہوئے انہیں قومی ایئرلائن کی باگ ڈور سونپی ہے۔
ان کا اہم ترین ہدف پی آئی اے کے بین الاقوامی فضائی راستوں کی بحالی، ایئرلائن کے خدمات کے معیار کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا اور قومی فضائی کمپنی کو مالی طور پر پائیدار بنانا ہوگا۔










