باکسر عامر خان کے ساتھ 2 کروڑ 25 لاکھ روپے کا فراد، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

پیر 2 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان میں مالی فراڈ کا شکار ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیر گردش ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں شیشہ کیفے کے ایک ناکام منصوبے کے نام پر ان سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو کے ردعمل میں عامر خان نے خالق تنولی نامی شخص پر غیر قانونی طور پر رقم لینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس طرح کے واقعات سے پاکستان کی ساکھ اور ملک میں سرمایہ کاری کے خواہش مند افراد کا اعتماد متاثر ہوتا ہے۔

عامر خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کا اور زوما اسلام آباد کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے، جبکہ تنولی ایک دھوکے باز شخص ہے جس نے غیر قانونی طریقے سے رقم حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے پاکستان اور ملک میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہش مند افراد کے سامنے منفی تاثر جاتا ہے۔

عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے ان کی محبت مضبوط ہے، لیکن حکومت کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

اس سے قبل ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کے پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کرنے کی یہ ایک بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل اور حکومت پاکستان کو بھی ٹیگ کیا۔

2 کروڑ 25 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کا معاملہ کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خالق تنولی نامی شخص تقریباً 10 سال قبل ایک شیشہ کیفے میں بطور مینیجر کام کرتا تھا، جس کے بعد اس نے مختلف شہروں میں 8 سے 10 شیشہ کیفے قائم کیے۔

ویڈیو کے مطابق خالق تنولی نے مبینہ طور پر متعدد افراد کو کاروبار میں شراکت داری کی پیشکش کرکے ان سے رقم حاصل کی اور انہیں دھوکا دیا۔

دعوے کے مطابق خالق تنولی نے عامر خان کو بتایا تھا کہ اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے شیشہ کیفے کی بہت زیادہ طلب ہے اور اس منصوبے کے لیے ان سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے حاصل کیے۔

دعوے میں کہا گیا ہے کہ رقم وصول کرنے کے باوجود کیفے قائم نہیں کیا گیا اور بعد میں اس کی وجہ پابندی کو قرار دیا گیا۔

ویڈیو کے مطابق عامر خان نے جب اپنی رقم واپس مانگی تو مبینہ طور پر رقم واپس کرنے سے انکار کردیا گیا اور قانونی حربے استعمال کیے گئے۔

’جب عامر خان نے اپنی رقم کی واپسی کے لیے اصرار کیا تو خالق تنولی نے مبینہ طور پر کسی شخص کے ذریعے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کروا کر یہ اطلاع دلوائی کہ اسے اغوا کرلیا گیا ہے۔‘

عامر خان کون ہیں؟

عامر خان پاکستانی نژاد برطانوی باکسر ہیں جن کا تعلق برطانیہ کے شہر بولٹن سے ہے۔ انہوں نے 2004 کے ایتھنز اولمپکس میں صرف 17 سال کی عمر میں لائٹ ویٹ مقابلوں میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

انہوں نے 2009 میں اینڈری کوٹیلنک کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (ڈبلیو بی اے) کا لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل جیتا، جبکہ 2011 میں زیب جوڈا کو شکست دے کر انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن (آئی بی ایف) کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

عامر خان نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں مجموعی طور پر 40 مقابلوں میں حصہ لیا، جن میں سے 34 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 6 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp