وسطی بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے جہاں خضدار میں شہید سکندر زہری یونیورسٹی کی تعمیر 2 ارب 84 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کرلی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کی بیٹیاں کسی سے کم نہیں، تربت کے گرلز کیڈٹ کالج میں کیا کچھ ہو رہا ہے؟
خوبصورت اور جدید عمارتوں پر مشتمل اس یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت یا اے آئی سمیت بی ایس کے 4 پروگرامز میں داخلوں کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ باقاعدہ تدریسی سرگرمیاں مارچ 2027 میں شروع ہوں گی۔
خضدار میں حلوائی پہاڑوں کے دامن میں قائم شہید سکندر زہری یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر کے طور پر ڈاکٹر سہراب بزنجو کا انتخاب کیا گیا ہے جو جھالاوان کے علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک معروف شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔
یونیورسٹی کا تعمیراتی منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچنے کے بعد وسطی بلوچستان اور جھالاوان کے ان سینکڑوں نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے نئے راستے کھل گئے ہیں جو مالی مشکلات کے باعث خضدار سے باہر ملک کی دیگر جامعات میں داخلہ لینے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے۔ اب انہیں اپنے ہی علاقے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع میسر آئے گا۔
مزید پڑھیے: بلوچستان میں مسلسل غیر حاضر رہنے والے مزید 72 ڈاکٹر برطرف، ملازمت سے فارغ ملازمین کی تعداد 200 ہوگئی
یونیورسٹی کے قیام پر مقامی نوجوانوں، خصوصاً طالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ ان میں سے بہت سی طالبات گھر سے دور دوسرے شہروں میں جا کر تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہتی تھیں۔ نئی یونیورسٹی کے قیام سے انہیں اپنے علاقے میں رہتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے گا۔
شہید سکندر زہری یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے میں ملازمتوں اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ ماہرین اس یونیورسٹی کو وسطی بلوچستان کی پہلی جنرل یونیورسٹی قرار دے رہے ہیں جو اس خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سہراب بزنجو کے مطابق داخلوں کے اعلان کے بعد بڑی تعداد میں نوجوان درخواستیں جمع کرا رہے ہیں۔ یونیورسٹی میں اس وقت بی ایس کے 4 پروگرامز میں داخلے جاری ہیں جن میں بی ایس انگلش، بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (بی بی اے)، بی ایس آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور بیچلر آف ایجوکیشن (بی ایڈ) شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز مارچ 2027 میں کیا جائے گا۔









