پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے فضائی بیڑے کی جدت کے سفر میں ایک اور بڑا سنگِ میل عبور ہو گیا ہے۔ پی آئی اے کا لیز پر حاصل کردہ پہلا جدید ترین بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارہ برطانیہ سے اپنی پہلی پرواز PK786 کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گیا ہے۔
یہ طیارہ پاکستان کی کسی بھی ایئرلائن کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر وائس مارشل عامر حیات نے اپنی اعلیٰ انتظامی ٹیم کے ہمراہ طیارے کا پرجوش استقبال کیا۔
بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر کی اہم خصوصیات
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے کا یہ نیا بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر مسافروں کو ایک جدید اور پرآسائش سفری تجربہ فراہم کرتا ہے، طیارے میں کل 338 نشستیں موجود ہیں، جن میں 282 اکانومی کلاس اور 56 بزنس کلاس کی کشادہ اور آرام دہ نشستیں شامل ہیں۔
جدید ترین تفریحی نظام
ترجمان کے مطابق طیارے میں لیٹسٹ ‘ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم’ نصب ہے، جس میں تمام جدید ترین فلمیں، ڈرامے اور ڈیجیٹل کنٹینٹ پہلے سے لوڈڈ ہے۔ 6 سال پرانا یہ جہاز موازنے کے طور پر انتہائی نیا اور ماحول دوست ہے، جو ایندھن کی بچت اور پرسکون پرواز کے لیے جانا جاتا ہے۔
برینڈنگ اور رجسٹریشن
عبداللہ خان کے مطابق طیارہ فی الحال برطانیہ میں رجسٹرڈ ہے اور اسے نارس (Norse) کمپنی کی برانڈنگ کے ساتھ پی آئی اے کے بیڑے میں شامل کیا گیا ہے۔ طیاروں کی فوری ضرورت کے باعث پہلا جہاز کمپنی کی موجودہ برانڈنگ کے ساتھ حاصل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگلا طیارہ پاکستان کے قومی پرچم کے ساتھ آئے گا، جس کے بعد ایک اور طیارہ بھی بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے آنے پر پہلے طیارے کو واپس بھیج دیا جائے گا اور اس پر بھی پاکستان کا قومی پرچم لگانے کے بعد اسے دوبارہ حاصل کیا جائے گا۔
عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پی آئی اے کے بیڑے میں شامل کیے جانے والے تمام طیارے مکمل طور پر قومی ایئرلائن کی اپنی برانڈنگ اور پاکستان کے قومی پرچم کے ساتھ آپریٹ کیے جائیں گے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق اس جدید طیارے کی شمولیت ایئرلائن کے نیٹ ورک کو وسعت دینے اور مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی جدید و آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے۔
ابتدائی روٹس اور پروازوں کا شیڈول
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق، ڈریم لائنر کو ابتدائی طور پر برطانیہ کے روٹس کے لیے فعال کیا جا رہا ہے فی الوقت اسلام آباد اور لاہور سے لندن کے لیے ہفتہ وار 7 پروازیں شروع کی جا چکی ہیں۔ اگلے 10 سے 15 دنوں میں دوسرا ڈریم لائنر طیارہ موصول ہونے کے بعد مانچسٹر کے لیے روزانہ (ڈیلی) پروازیں اور برمنگھم کے لیے ہفتہ وار 3 پروازیں چلائی جائیں گی۔
پی آئی اے کا 48 طیاروں کا آئندہ پلان
پی آئی اے اپنے کاروباری منصوبے کے تحت آئندہ 3 سال کے دوران فضائی بیڑے میں مرحلہ وار اضافہ کرکے طیاروں کی مجموعی تعداد 48 تک پہنچانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
اس توسیعی منصوبے کے تحت طویل فاصلے کی بین الاقوامی پروازوں کے لیے مزید وائڈ باڈی طیارے حاصل کیے جائیں گے، جبکہ اندرونِ ملک اور علاقائی روٹس پر پروازوں کے لیے نیرو باڈی طیاروں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ کیا جائےگا۔









