گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، بگ بیش لیگ کھیلتے رہیں گے

منگل 3 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل نے پیر کی شب انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ہی ان کا 15 سالہ بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔ 38 سالہ کرکٹر نے فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے، تاہم وہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ ان کا کلب کے ساتھ معاہدہ 2027-28ء کے سیزن تک بڑھا دیا گیا ہے۔

گلین میکسویل نے جون 2025ء میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، تاہم وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے رہے۔ 2026ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں عمان کے خلاف آسٹریلیا کا آخری میچ ان کا آخری بین الاقوامی مقابلہ ثابت ہوا۔ اس میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم انہیں بیٹنگ کا موقع نہیں ملا اور آسٹریلوی ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکی۔

یہ بھی پڑھیے گلین میکسویل نے ورلڈ کپ کے دوران ہونے والے ’لائٹ شو‘ کو خوفناک قرار دے دیا

میکسویل نے پوڈکاسٹ پروگرام ’دی فائنل ورڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے علیحدگی کا فیصلہ کچھ افسوس ناک ہونے کے ساتھ ساتھ متوقع بھی تھا۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے قبل ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران اور اس کے بعد کئی مرتبہ بات چیت ہوئی، تاہم آسٹریلوی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں تھا۔ 2 مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والے میکسویل نے 130 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 154.42 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 ہزار 897 رنز بنائے، جن میں 5 سنچریاں شامل ہیں۔ یہ بھارتی بیٹر روہت شرما کے ساتھ مردوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں مشترکہ عالمی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے اس فارمیٹ میں 51 وکٹیں بھی حاصل کیں، جبکہ 7 ٹیسٹ میچز میں 339 رنز بنائے، جن میں 2017ء میں بھارت کے خلاف رانچی ٹیسٹ کی سنچری بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے کرکٹ ورلڈ کپ: گلین میکسویل نے ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سینچری جڑ دی

گلین میکسویل کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنی جسمانی فٹنس اور گھٹنے کی تکلیف سے صحت یابی پر توجہ دینا چاہتے ہیں تاکہ اپنے کیریئر کے باقی ٹورنامنٹس میں شرکت کرسکیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی آئندہ وائٹ بال سیریز میں واپسی پر بھی غور کیا تھا، تاہم بگ بیش لیگ کی تیاری کو ترجیح دی۔ میکسویل نے 2021ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور فائنل میں فاتحانہ رنز بنائے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp