بھارتی کرکٹ کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے اپنی بیٹی سارہ ٹنڈولکر کی 29ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی نجی زندگی سے متعلق ایسی دلچسپ خواہش کا اظہار کردیا جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سارہ ٹنڈولکر نے 12 اکتوبر کو اپنی 29ویں سالگرہ منائی جس کے موقع پر انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں ان کی والدہ انجلی، بھائی ارجن اور والد سچن ٹنڈولکر انہیں سالگرہ کی مبارک باد دیتے اور مستقبل کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے دکھائی دیے۔
View this post on Instagram
سارہ کی والدہ انجلی نے بیٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ سارہ ہمیشہ اندرونی خوشی محسوس کریں اور ان کے تمام خواب پورے ہوں۔ دوسری جانب بھائی ارجن نے مختصر مگر دلچسپ انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سالگرہ مبارک ہو، بس اتنا ہی۔
تاہم سچن ٹنڈولکر کے پیغام نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی۔ سابق بھارتی کپتان نے اپنی بیٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سارہ کی زندگی میں کوئی دلچسپ شخص آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: برینڈن ٹیلر نے سچن ٹنڈولکر کا طویل ترین ون ڈے کیریئر کا ریکارڈ توڑ دیا
سچن کا کہنا تھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو، امید ہے کہ تمہیں کوئی دلچسپ شخص مل جائے لیکن مجھے اس سے زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہیے۔ بس اتنا ہی، اور اسی طرح مثبت سوچ، خوشیاں اور اچھی صحت بانٹتی رہو۔‘
سچن کے اس دلچسپ تبصرے پر سارہ کے تاثرات نے بھی ویڈیو کو مزید دلچسپ بنا دیا جبکہ والد کی جانب سے بیٹی کی ذاتی زندگی کے حوالے سے اس خواہش کو ایک خوبصورت اور مزاحیہ خاندانی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔ سچن کا یہ پیغام باپ بیٹی کے درمیان محبت، اپنائیت اور بے تکلفی کی خوبصورت مثال بن گیا جسے سوشل میڈیا پر بھی خاصی دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک انگلینڈ ٹیسٹ: جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کردیا
واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر کے بیٹے ارجن ٹنڈولکر رواں سال سانیا چندوک کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔ ایسے میں سچن کی جانب سے بیٹی کے لیے بھی ایک اچھے ہم سفر کی خواہش کا اظہار خاص توجہ کا باعث بنا۔











