پنجاب کے 2 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کے لیے وفاقی حکومت نے پاکستان رینجرز اور پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، دونوں فورسز 7 سے 9 نومبر تک سیکیورٹی فرائض انجام دیں گی۔
وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر فورسز کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر راج کے بعد خیبرپختونخوا میں وفاق کا تیسرا حکمنامہ، بلدیاتی انتخابات پر پابندی
نوٹیفکیشن کے مطابق رینجرز دوسرے درجے کی جبکہ پاک فوج تیسرے درجے کی ردعمل فورس کے طور پر خدمات انجام دے گی۔ دونوں فورسز انتخابات کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور فوری ردعمل کے لیے تیار رہیں گی۔
پنجاب کے 2 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 8 نومبر کو ہوگی، جن میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ 1 اور پنجاب اسمبلی کا حلقہ پی پی 203 ساہیوال 6 شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا، الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن تعینات کیے جانے والے اہلکاروں کی تعداد اور ان کی مخصوص مقامات پر تعیناتی کا فیصلہ کرے گا۔
حکام کے مطابق رینجرز اور پاک فوج کی تعیناتی کا مقصد ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنا اور پولنگ کا عمل پُرامن انداز میں مکمل کرانا ہے۔









