پاکپتن میں مسافر بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم، 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

جمعرات 5 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکپتن میں دیپالپور روڈ پر مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں پیرا فورس اور پیٹرولنگ پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس ملتان سے لاہور جا رہی تھی کہ دیپالپور روڈ پر 17 ایس پی کے قریب آلوؤں سے لدے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر اس میں پھنس گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بس میں پھنسے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

واقعے کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جاوید اقبال بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp